مالاکنڈ انفراسٹرکچر پروگرام کے تحت پانچ سماجی سکیمیں مکمل، چترال میں اہم سڑک کی تعمیر جاری

اسلام آباد۔ ( پی پی اے) سعودی عرب کے مالی تعاون سے خیبرپختونخوا میں جاری مالاکنڈ انفراسٹرکچر پروگرام کے تحت سماجی شعبے کی پانچ اہم سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ ضلع چترال میں 26 کلومیٹر طویل ارندو-کالکٹک/لواری روڈ کی تعمیر پر کام جاری ہے سرکاری دستاویزات کے مطابق سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے مالی تعاون سے جاری پروگرام کا مقصد خیبرپختونخوا میں متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و بحالی ہے۔ مکمل ہونے والی سکیموں میں سوات میں زرعی تحقیقاتی ادارے کی بحالی، خصوصی بچوں کے لیے تعلیمی سہولیات کی تعمیر، لوئر دیر میں بنیادی مرکز صحت حیاسری کو کیٹیگری ڈی ہسپتال میں اپ گریڈ کرنا، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ میں تھیلے سیمیا ڈیپارٹمنٹ کی تعمیر اور سوات میں ویٹرنری ریسرچ سینٹر کی بحالی شامل ہیں۔ دستاویزات کے مطابق سوات میں زرعی تحقیقاتی ادارے کی بحالی 19 کروڑ 19 لاکھ 50 ہزار روپے کی منظور شدہ لاگت سے مکمل ہوئی، جس پر 18 کروڑ 96 لاکھ 70 ہزار روپے خرچ ہوئے۔ خصوصی بچوں کے سکول اور اساتذہ کے تربیتی سکول کی تعمیر بھی 100 فیصد مکمل ہو چکی ہے، جس کی منظور شدہ لاگت 21 کروڑ 75 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ اخراجات 21 کروڑ 44 لاکھ 40 ہزار روپے رہے۔ لوئر دیر میں بنیادی مرکز صحت حیاسری کو کیٹیگری ڈی ہسپتال میں اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ 62 کروڑ 75 لاکھ 70 ہزار روپے کی منظور شدہ لاگت سے مکمل کیا گیا، جس پر 58 کروڑ 45 لاکھ 80 ہزار روپے خرچ ہوئے۔ مالاکنڈ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ میں تھیلے سیمیا ڈیپارٹمنٹ کی تعمیر بھی مکمل ہو چکی ہے، جس کی منظور شدہ لاگت 14 کروڑ 43 لاکھ 50 ہزار روپے اور اخراجات 13 کروڑ 56 لاکھ 40 ہزار روپے رہے۔ اسی طرح سوات میں ویٹرنری ریسرچ سینٹر کی بحالی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ منصوبے کی منظور شدہ لاگت 15 کروڑ 40 لاکھ 90 ہزار روپے تھی جبکہ اس پر 13 کروڑ ایک لاکھ 50 ہزار روپے خرچ ہوئے۔ پانچوں سماجی شعبے کی سکیموں کے لیے کنسلٹنسی سروسز بھی مکمل ہو چکی ہیں، جن پر منظور شدہ 5 کروڑ 88 لاکھ 90 ہزار روپے میں سے 5 کروڑ 57 لاکھ 90 ہزار روپے خرچ کیے گئے۔ پروگرام کے تحت ضلع چترال میں 26 کلومیٹر طویل ارندو-کالکٹک/لواری روڈ کی تعمیر بھی جاری ہے۔ منصوبے کی منظور شدہ لاگت 2 ارب 90 کروڑ 60 لاکھ روپے ہے جبکہ اب تک 39 کروڑ 11 لاکھ 21 ہزار روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ تازہ پیش رفت کے مطابق سڑک کا مشترکہ سروے مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ کراس سیکشن کی تیاری، سائٹ و بیڈ کٹنگ، تعمیراتی سامان کی خریداری اور پتھر کے معیار کی جانچ کا کام جاری ہے۔ مالاکنڈ انفراسٹرکچر پروگرام کے تحت صحت، تعلیم، زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے ساتھ خطے میں اہم سڑک رابطوں کو بھی ترقی دی جا رہی ہے۔

Comments (0)
Add Comment