اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدر ایران کے ساتھ اہم اور تعمیری ملاقات ہوئی، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان تنازع، مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور خطے میں امن کے قیام کے لیے مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں ’’اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت‘‘ کی مکمل بحالی اور تنازع کے پرامن حل کے لیے دونوں جانب سے ضروری اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر جاری اپنے پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایرانی صدر نے اپنی حکومت کا مؤقف اور تحفظات واضح انداز میں پیش کیے، جس پر دونوں اطراف کے درمیان مثبت مکالمہ ہوا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ملاقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور امید ہے کہ یہ پیش رفت خطے میں پائیدار امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے معاون ثابت ہوگی۔