پاکستان میں ڈیجیٹل مالیاتی انفراسٹرکچر کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، بلال بن ثاقب

اسلام آباد ( پی پی اے) وزیر مملکت اور پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی (پی وی اے آر اے) کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل مالیاتی انفراسٹرکچر کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ ورچوئل اثاثوں کے شعبے میں مؤثر ریگولیٹری نظام سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ تاشقند میں سلک روڈ فنانس اینڈ ٹیکنالوجی فورم سے خطاب کرتے ہوئے بلال بن ثاقب نے پاکستان کے مصنوعی ذہانت اور ٹوکنائزیشن کے وژن کو عالمی فورم پر اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو ایسی ریگولیٹری اور ادارہ جاتی صلاحیت پیدا کرنا ہوگی جو جدید ٹیکنالوجی کی تیز رفتار تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ورچوئل اثاثوں پر پابندی سے ریگولیٹڈ نگرانی کی جانب منتقل ہو گیا ہے۔ 2018 کی پابندیوں سے ورچوئل اثاثوں کی سرگرمیاں ختم نہیں ہوئیں بلکہ یہ آف شور پلیٹ فارمز اور پیئر ٹو پیئر چینلز تک منتقل ہوئیں، اس لیے ورچوئل اثاثوں کے مؤثر انتظام کے لیے ریگولیشن اور نگرانی ضروری ہے۔ بلال بن ثاقب نے کہا کہ ورچوئل ایسٹس ایکٹ 2026 کے تحت پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کو مخصوص ریگولیٹری ادارے کے طور پر قائم کیا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کا سرکلر 10 لائسنس یافتہ ورچوئل اثاثہ سروس فراہم کنندگان کے لیے بینک اکاؤنٹس کی اجازت دیتا ہے، جبکہ پی وی اے آر اے نے ورچوئل اثاثہ سروس فراہم کنندگان کے لیے لائسنسنگ ریگولیشنز نافذ کرنے کے ساتھ لائسنسنگ پورٹل بھی فعال کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خودمختار قرضوں تک رسائی کو جدید بنانے کے لیے ٹوکنائزیشن کا جائزہ لے رہا ہے۔ اس سے سرمایہ کاری کی کم مالیت، تیز تر تصفیہ اور سکیورٹیز کی ملکیت میں شفافیت ممکن ہوگی۔ پاکستان پہلے مرحلے میں سرکاری سکیورٹیز کی ٹوکنائزیشن پر بھی توجہ دے رہا ہے، جبکہ پی وی اے آر اے کا ریگولیٹری سینڈ باکس نئی مالیاتی مصنوعات کی آزمائش کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ادائیگیوں، ڈیجیٹل کسٹڈی، کمپلائنس ٹیکنالوجی اور ٹوکنائزیشن کے شعبوں میں نئی کمپنیاں قائم کر سکتے ہیں۔ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت اور بلاک چین ٹیکنالوجی کو صرف استعمال کرنے کے بجائے ان پر کاروبار تعمیر کرنا چاہیے۔ پاکستان کا مقصد نوجوان کاروباری افراد کو واضح ریگولیٹری ماحول اور نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔

Comments (0)
Add Comment