مظفرگڑھ (پی پی اے) قومی اسمبلی کے امیدوار راؤ عبدالنعیم خاں نے 12 ربیع الاول کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت اور امن کا پیغام ہے۔ یہ بابرکت دن ہمیں سیرتِ طیبہ ﷺ پر عمل کرتے ہوئے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو سنوارنے کا درس دیتا ہے. راؤ عبدالنعیم خاں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے محبت اخوت، برداشت، عدل و انصاف اور انسانیت کی خدمت کا عظیم درس دیا ہمیں چاہیے کہ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کے حقیقی پیغام کو سمجھتے ہوئے معاشرے میں بھائی چارے رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیں. انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے اور اس کی بنیاد بھی اسلامی اقدار اتحاد اور قومی یکجہتی پر قائم ہے۔ موجودہ حالات میں ہمیں اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا. قومی اسمبلی کے امیدوار نے کہا کہ 12 ربیع الاول کا تقاضا ہے کہ ہم سیرتِ رسول ﷺ کو صرف تقریبات تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنے کردار، معاملات، سیاست اور معاشرت میں بھی اسوۂ حسنہ کو اپنائیں۔ بالخصوص مستحق، غریب اور کمزور طبقات کی مدد اور حقوق کی پاسداری کو اپنی ذمہ داری سمجھیں. راؤ عبدالنعیم خاں نے ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے اور پاکستان کو امن و خوشحالی کا گہوارہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے