12 ربیع الاول: ڈاکٹر عشرت العباد خان کا امتِ مسلمہ کے نام خصوصی پیغام

سندھ، (پی پی اے) سابق گورنر سندھ، نشانِ امتیاز اور میری پہچان پاکستان (MPP) کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے 12 ربیع الاول کے بابرکت موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن انسانیت کے سب سے بڑے محسن، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی یاد تازہ کرتا ہے، جن کی تعلیمات رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اپنے خصوصی بیان میں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے دنیا کو محبت، اخوت، برداشت، عدل، مساوات اور انسانی حقوق کا ایسا جامع نظام عطا کیا جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان سیرتِ نبوی ﷺ کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کا حصہ بنائیں اور معاشرے میں امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول صرف جشنِ ولادت منانے کا دن نہیں بلکہ عہدِ نو کی تجدید کا دن ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر عمل کرتے ہوئے معاشرتی برائیوں، نفرتوں، تعصبات اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھی ہمیں سیرتِ طیبہ سے رہنمائی حاصل کرنا ہوگی۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ اتحادِ امت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسلم دنیا کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہوکر ترقی، استحکام اور امت کے مشترکہ مفادات کے لیے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا اور جدید ذرائع ابلاغ کو مثبت انداز میں استعمال کرتے ہوئے حضور اکرم ﷺ کے پیغامِ رحمت کو دنیا بھر میں عام کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور قومی یکجہتی کی مثال قائم کی ہے۔ 12 ربیع الاول کے موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم ملک میں امن، استحکام، قانون کی بالادستی اور قومی اتحاد کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ آخر میں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ وطنِ عزیز کو ہر قسم کے داخلی و خارجی خطرات سے محفوظ رکھے، قوم کو اتفاق و اتحاد کی نعمت عطا فرمائے اور ہمیں حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔

Comments (0)
Add Comment