ایم ڈی ستھرا پنجاب کا راولپنڈی میں زیرو ویسٹ آپریشن کا معائنہ، شہریوں سے صفائی میں تعاون کی اپیل

راولپنڈی(پی پی اے) ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر کے شہر بھر میں جاری زیرو ویسٹ آپریشنز کے معائنے کے لیے دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔جمعہ کے روز انہوں نے اصغر مال سکیم یو سی 20 سمیت مختلف علاقوں کی اندرونی گلیوں کا دورہ کیا اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔مینیجر آپریشنز ڈسٹرکٹ راولپنڈی عامر یونس نائیک، مینیجر آپریشنز سٹی راولپنڈی سید حسن سردار اور دیگر آپریشنل افسران و فیلڈ سٹاف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایم ڈی نے مختلف علاقوں میں جاری صفائی آپریشن، ویسٹ لفٹنگ اور گلی محلوں کی صفائی کا معائنہ کیا جبکہ مقامی نمائندوں اور شہریوں سے ملاقات کرکے صفائی آپریشن کے حوالے سے ان کی آراء بھی معلوم کیں۔ اس موقع پر رانا ساجد صفدر نے صفائی ورکرز سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی محنت کو سراہا اور کہا کہ آپ ہمارے فرنٹ لائن سولجرز ہیں، آپ کی محنت سے شہر صاف نظر آتا ہے۔ محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا کام جاری رکھیں اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ایم ڈی نے کہا کہ ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کی فیلڈ ٹیمیں شہر کو صاف رکھنے کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہی ہیں اور زیرو ویسٹ آپریشن کو مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کوڑا کرکٹ گلیوں اور محلوں میں ہرگز نہ پھینکیں، اسے مقررہ ویسٹ کنٹینرز میں ڈالیں یا صفائی ورکرز کے حوالے کریں۔ صاف ستھرا شہر صرف اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کے تعاون سے ہی ممکن ہے، ہم سب نے مل کر اپنے شہر کو ویسٹ فری سٹی بنانا ہے۔

Comments (0)
Add Comment