اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے ایکسل لوڈ کنٹرول رجیم کے مستقل اور پائیدار حل کے لیے این ایچ اے کے قانونی فریم ورک میں ایک ہفتے کے اندر ضروری ترامیم لانے، ٹرکوں پر زیادہ وزن لادنے والی فیکٹریوں پر جرمانے عائد کرنے اور موٹرویز و قومی شاہراہوں پر جدید کیمروں اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے مکمل آٹومیشن نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے جمعہ کو ایکسل لوڈ کنٹرول رجیم سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ قانونی ترامیم کا مقصد ایکسل لوڈ کے نفاذ میں حائل تمام قانونی و آپریشنل رکاوٹوں کا خاتمہ اور قومی سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان سے بچانا ہے۔ وفاقی وزیر نے ٹرانسپورٹرز کو گاڑیوں کے ڈھانچے سے متعلق واضح رہنمائی فراہم کرنے اور غیر ضروری و بھاری آرائشی سامان کے استعمال سے روکنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے ملک بھر کے وے اسٹیشنز کو 100 فیصد خودکار بنانے اور تمام مال بردار گاڑیوں کا وے اسٹیشنز سے گزرنا لازمی قرار دینے کی ہدایت کی تاکہ قطاروں اور وقت کے ضیاع کا خاتمہ ہو۔ عبدالعلیم خان نے جی ٹی روڈز پر بھی موٹرویز کی طرز پر وے اسٹیشنز قائم کرنے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی نگرانی و ٹریکنگ کے لیے جدید کیمروں اور مصنوعی ذہانت سے استفادہ کرنے کی ہدایت کی۔ کراچی پورٹ پر این ایچ اے، این ایل سی اور ایف ڈبلیو او کو مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا حکم بھی دیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سنگجانی میں بین الاقوامی معیار کا جدید ماڈل وے اسٹیشن جلد مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران ایکسل لوڈ کی 30 ہزار خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، جن سے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ منصوبہ بندی میں موجودہ حالات کے بجائے آئندہ 20 سال کی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ موٹرویز پر ایکسل لوڈ رجیم کے عملی نفاذ کا جائزہ لینے کے لیے 10 مختلف مقامات کے ہنگامی دورے کریں گے۔