چارسدہ ( پی پی اے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا دورہ کیا اور اینٹی رائٹ ونگ کی خصوصی تربیتی مشقوں کا معائنہ کرتے ہوئے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جدید تربیت اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔ اہلکاروں نے ہجوم کو کنٹرول کرنے، حساس مقامات کے تحفظ، پرتشدد صورتحال سے نمٹنے اور امن و امان برقرار رکھنے سے متعلق عملی مہارتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے اور امن و امان کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فورس مکمل طور پر تیار ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ملک کے امن و امان اور استحکام کو کسی صورت سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے اور قانون نے احتجاج کا طریقہ کار واضح طور پر متعین کر رکھا ہے، تاہم احتجاج کی آڑ میں تشدد، توڑ پھوڑ، سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست امن و امان برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ موجودہ صورتحال میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار پورے ملک میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اہلکار ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل پیشہ ورانہ تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اہلکاروں کو بین الاقوامی معیار کا جدید پروٹیکشن گیئر فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ فیلڈ میں ان کی حفاظت اور آپریشنل استعداد یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے تمام جوانوں کو گیس ماسک فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تربیت محنت، لگن اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ مکمل کرنے پر زور دیا۔ محسن نقوی نے ایف سی ہیڈکوارٹر میں کھیلوں کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے اور عالمی معیار کا سوئمنگ پول بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بیرکس کا دورہ کرکے اہلکاروں سے ملاقات کی اور مسائل دریافت کیے جبکہ تمام واش رومز ازسرنو تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔ اہلکاروں نے بتایا کہ گزشتہ دورے میں اٹھایا گیا لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل ہوچکا ہے اور اب بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے ایک اہلکار کی والدہ کے کینسر کے علاج کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ زیر تربیت اہلکاروں میں تمام صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو نمائندگی حاصل ہے جبکہ تربیتی پروگرام میں پہلی مرتبہ 35 خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔ آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی آئی جی ٹریننگ، ڈی او ایف سی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔