چارسدہ ( پی پی اے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، قانون نے احتجاج کا طریقہ کار واضح طور پر متعین کر رکھا ہے، تاہم ملک کے امن و امان اور استحکام کو کسی صورت سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے. انہوں نے جمعہ کو فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کے دورہ کے موقع پر اینٹی رائٹ ونگ کی خصوصی تربیتی مشقوں کا معائنہ کیا اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جدید تربیت اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔ ہلکاروں نے ہجوم کو کنٹرول کرنے، حساس مقامات کے تحفظ، پرتشدد صورتحال سے نمٹنے اور امن و امان برقرار رکھنے سے متعلق عملی مہارتوں کا مظاہرہ کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے اور امن و امان کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فورس مکمل طور پر تیار ہے۔ احتجاج کی آڑ میں تشدد، توڑ پھوڑ، سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ریاست امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری پوری کرے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار انتہائی اہم ہے، اہلکار ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی تربیت بھرپور طریقے سے مکمل کریں۔ انہیں بین الاقوامی معیار کا جدید پروٹیکشن گیئر فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ فیلڈ میں ان کی حفاظت اور آپریشنل استعداد یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے تمام جوانوں کو گیس ماسک فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ محسن نقوی نے ایف سی ہیڈکوارٹر میں کھیلوں کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے اور عالمی معیار کا سوئمنگ پول بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بیرکس کا دورہ کرکے اہلکاروں سے مسائل دریافت کیے اور تمام واش رومز ازسرنو تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔ اہلکاروں نے بتایا کہ گزشتہ دورے میں اٹھایا گیا لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل ہوچکا ہے اور اب بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ایک اہلکار کی والدہ کے کینسر کے علاج کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ زیر تربیت اہلکاروں میں تمام صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو نمائندگی حاصل ہے جبکہ پہلی مرتبہ 35 خواتین اہلکار بھی تربیتی پروگرام میں شامل ہیں۔ آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی آئی جی ٹریننگ، ڈی او ایف سی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے