آئی جی اسلام آباد کی سینئر افسران سے آن لائن میٹنگ، سیف سٹی و پولیس ویلفیئر اقدامات کا جائزہ

اسلام آباد(پی پی اے) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سینئر پولیس افسران کے ساتھ اہم آن لائن اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیف سٹی، لاجسٹکس، سکیورٹی، پولیس ویلفیئر اور دیگر ادارہ جاتی امور سے متعلق جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آئی جی اسلام آباد کو مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور تفویض کردہ ذمہ داریوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال، ادارہ جاتی امور میں بہتری اور مختلف شعبہ جات کے درمیان بہتر رابطہ کاری سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سید علی ناصر رضوی نے سینئر افسران کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں اور اقدامات میں مزید بہتری لائی جائے، فرائض پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیے جائیں اور تمام ذمہ داریاں بروقت مکمل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید، مؤثر اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے تمام شعبہ جات کی مربوط کارکردگی اور مسلسل بہتری ضروری ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے جاری اقدامات کی باقاعدگی سے نگرانی یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پولیسنگ، بہتر انتظامی امور اور پولیس افسران کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنا کر شہریوں کو بہتر اور معیاری پولیس خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

Comments (0)
Add Comment