اسلام آباد پولیس کی 2026 کے پہلے آٹھ ماہ میں نمایاں کامیابیاں اسلام آباد دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شامل، جرائم میں 27 فیصد کمی، پولیس کی مؤثر کارروائیاں

اسلام آباد ( پی پی اے) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرکمان اسلام آباد پولیس نے 2026 کے پہلے آٹھ ماہ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ نومبیو کے تازہ ترین ورلڈ سیفٹی انڈیکس میں اسلام آباد 401 شہروں میں 83 واں محفوظ ترین شہر قرار پایا، جبکہ لندن، ماسکو، ٹورنٹو، گلاسکو اور استنبول سے زیادہ محفوظ قرار دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 2026 میں گزشتہ سال کے مقابلے میں جرائم میں 27 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ رپورٹ ہونے والے قتل کے تمام مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری میں 100 فیصد کامیابی حاصل ہوئی۔ گروپ کیپٹن عاصم طارق، ایچ نائن ٹرپل مرڈر اور تاجر عامر اعوان سمیت اہم قتل کیسز کامیابی سے حل کیے گئے۔ پولیس نے کارروائیوں کے دوران 14 ہزار 645 سے زائد مقدمات درج کیے، 887 سے زائد عدالتی مفرور، ایک ہزار 595 عادی مجرمان اور 944 اشتہاری ملزمان گرفتار کیے۔ ’’نشہ! اب نہیں‘‘ مہم کے تحت ایک ہزار 144 منشیات فروش جبکہ ’’نو ٹو ویپن‘‘ مہم کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ایک ہزار 592 ملزمان گرفتار ہوئے۔ ترجمان کے مطابق اسپیشل انیشی ایٹو پولیس اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن، پولیس اسٹیشن آن ویلز، سیف سٹی اور سی ٹی ڈی میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز کے قیام سمیت جدید ٹیکنالوجی کے متعدد منصوبے شروع کیے گئے۔ مارگلہ ٹریل پر خصوصی پٹرولنگ یونٹس، کمرشل علاقوں میں سٹی واچرز اور نائٹ پٹرولنگ، جدید کے نائن یونٹ اور چینی شہریوں کے تحفظ کیلئے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ بھی قائم کیے گئے۔ سیف سٹی کی اپ گریڈیشن کے ساتھ مصنوعی ذہانت پر مبنی ہنچ لیب، سائبر سکیورٹی اور ورچوئل پٹرولنگ آفیسر جیسے منصوبے شروع کیے گئے۔ خواتین کے تحفظ کیلئے آن لائن ویمن پولیس اسٹیشن، شکایات کے فوری ازالے کیلئے آئی جی پی کمپلینٹ سیل اور ہیلپ لائن 1715 بھی فعال کی گئی۔ اسلام آباد پولیس نے چار بین الاقوامی کانفرنسز، 636 ملکی و غیر ملکی وفود، 191 وی وی آئی پی موومنٹس، 682 احتجاجی مظاہروں و ریلیوں اور قومی اسمبلی و سینیٹ کے 16 مشترکہ اجلاسوں سمیت 636 اہم پروگرامز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ جدید پولیسنگ، ٹیکنالوجی، جرائم کی روک تھام اور عوامی خدمت کے ذریعے اسلام آباد پولیس کو مزید مؤثر اور عوام دوست ادارہ بنایا جا رہا ہے۔

Comments (0)
Add Comment