اے ڈی آر سی شہری تنازعات کے پرامن، فوری حل کا مؤثر پلیٹ فارم ہے، قاضی علی رضا

اسلام آباد (پی پی اے) آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (اے ڈی آر سی) کی سالانہ تقریب کا پروقار انعقاد کیا گیا جس میں ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران، اے ڈی آر سی کے چیئرمین طیب نواز ملک، کمیٹی ارکان اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قاضی علی رضا نے کہا کہ اے ڈی آر سی شہریوں کے باہمی تنازعات کے پرامن، فوری اور مؤثر حل کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کررہی ہے۔ افہام و تفہیم، مذاکرات اور باہمی رضامندی کے ذریعے تنازعات کا حل کمیٹی کا بنیادی مقصد ہے، جس سے فریقین کو بروقت ریلیف ملنے کے ساتھ طویل قانونی کارروائیوں، وقت اور اخراجات سے بھی بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی آر سی معاشرے میں برداشت، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ کے ساتھ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد اور تعاون مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ کمیٹی عوامی خدمت اور کمیونٹی پولیسنگ کی بہترین مثال ہے، جہاں پولیس، سول سوسائٹی اور معزز شہری باہمی تعاون سے عوامی مسائل کے حل میں کردار ادا کررہے ہیں۔ ایس ایس پی آپریشنز نے اے ڈی آر سی کے چیئرمین، ارکان اور دیگر متعلقہ افراد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کو بروقت، آسان، مؤثر اور باوقار پولیس خدمات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ میونٹی پولیسنگ اور عوامی شراکت داری کے ذریعے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment