اسلام آباد (پی پی اے): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، حکومت اور عوام کو یومِ فتح کی مبارکباد دی ہے۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے صدر رجب طیب اردوان، حکومتِ ترکیہ اور ترک عوام کو یومِ فتح کی دلی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ 30 اگست اُس تاریخی فتح کی یاد دلاتا ہے جو غازی مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت میں حاصل ہوئی اور جس نے جدید ترک جمہوریہ کی بنیادیں استوار کیں۔ پاکستان اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مل کر جرات اور قومی عزم کی اس عظیم میراث کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات دلوں کے رشتے ہیں، جو مشترکہ ایمان، تاریخ اور صدیوں پر محیط جدوجہد سے مضبوط ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک نے مشترکہ دفاعی معاہدے کے ذریعے اپنے پائیدار برادرانہ تعلقات کے تزویراتی اظہار کی تجدید کی ہے، جو پاکستان، ترکیہ اور برادر مملکت سعودی عرب کو مشترکہ سلامتی اور اجتماعی دفاع کے مقصد میں یکجا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کی مشترکہ خوشحالی اور سلامتی کے لیے ترکیہ کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنی تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط اور گہری کرنے کے عزم پر قائم ہے۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دائمی دوستی اور بھائی چارے کے رشتے آنے والی نسلوں تک اسی طرح پھلتے پھولتے رہیں۔