راولپنڈی (پی پی اے)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز راولپنڈی جنید عالم نے ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے افسران کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز کو ستھرا پنجاب ایجنسی کی مجموعی ورکنگ، شہر میں جاری صفائی آپریشنز، ویسٹ مینجمنٹ، بارش کے بعد کلیئرنس آپریشنز، فیلڈ سرگرمیوں اور آگاہی مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال، بارش کے بعد ویسٹ لفٹنگ، کیچڑ اور ملبے کی صفائی، ڈرینز و نالیوں کی کلیئرنس، نشیبی علاقوں میں فیلڈ ٹیموں کی موجودگی اور شہری شکایات کے فوری ازالے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنید عالم نے صفائی آپریشنز کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کریں۔ انہوں نے بارش کے بعد صفائی اور نکاسیٔ آب سے متعلق مسائل کے فوری حل اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی پر بھی زور دیا۔ ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی رانا ساجد صفدر نے بتایا کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے دوران اور بعد میں فیلڈ ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھا گیا اور شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی و کلیئرنس آپریشن مسلسل جاری رکھا گیا۔ بارش کے بعد گلیوں، سڑکوں اور دیگر مقامات پر جمع ہونے والے کوڑا کرکٹ، کیچڑ اور ملبے کو ترجیحی بنیادوں پر اٹھایا جا رہا ہے جبکہ نشیبی علاقوں اور حساس مقامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ قبل ازیں رانا ساجد صفدر نے سیٹلائٹ ٹاؤن اے بلاک کا دورہ کرکے بارش کے بعد جاری صفائی و کلیئرنس آپریشن کا معائنہ کیا۔ مینیجر آپریشنز ڈسٹرکٹ راولپنڈی عامر یونس نائیک اور مینیجر آپریشنز سٹی سید حسن سردار نے انہیں مختلف علاقوں میں جاری صفائی آپریشن، ویسٹ لفٹنگ اور کلیئرنس سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔ ایم ڈی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ راولپنڈی کے کسی بھی علاقے میں صفائی کے معیار میں فرق نہیں ہونا چاہیے اور تمام علاقوں میں یکساں صفائی کا معیار برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے باعث جہاں کہیں صفائی یا نکاسیٔ آب کا مسئلہ سامنے آئے، فیلڈ ٹیم فوری طور پر پہنچ کر کارروائی کرے اور شہریوں کے معمولات زندگی کی بحالی یقینی بنائے۔ انہوں نے صفائی سے متعلق شہریوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے بعد صفائی و کلیئرنس آپریشن متاثرہ علاقوں کی صورتحال مکمل معمول پر آنے تک جاری رکھا جائے۔ رانا ساجد صفدر نے شدید موسمی حالات کے باوجود فرائض انجام دینے والے ستھرا پنجاب کے صفائی ورکرز کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، جذبے اور ذمہ داری کے باعث شہریوں اور میڈیا کی جانب سے بھی صفائی عملے کی خدمات کو سراہا گیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی سے تعاون کریں اور کوڑا کرکٹ سڑکوں، گلیوں یا نالیوں میں پھینکنے کے بجائے مقررہ کوڑا دان میں ڈالیں یا صفائی ورکرز کے حوالے کریں تاکہ نالیوں اور ڈرینز میں کچرا جانے سے نکاسیٔ آب کا نظام متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ صاف شہر ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہر شہری اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کرے تو راولپنڈی کو صاف، خوبصورت اور صحت مند شہر بنانے کا مقصد مزید مؤثر انداز میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ستھرا پنجاب ایجنسی شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور بارشوں سمیت ہر ہنگامی صورتحال میں فیلڈ آپریشن مؤثر رکھتے ہوئے شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا۔