راولپنڈی(پی پی اے) پنجاب پولیس کے ایک اور بہادر جوان نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا۔ سی سی ڈی راولپنڈی کے سب انسپکٹر عدنان غیور تھانہ چکلالہ کی حدود میں خطرناک اشتہاری مجرم کی گرفتاری کی کوشش کے دوران ملزم کی فائرنگ سے جامِ شہادت نوش کر گئے۔۔ سب انسپکٹر عدنان غیور کی شہادت اس حقیقت کی عکاس ہے کہ پنجاب پولیس کے جوان خطرناک جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران اپنی جان کی پروا کیے بغیر فرض کی ادائیگی کو مقدم رکھتے ہیں۔ وردی میں ملبوس یہ جوان صرف قانون کے محافظ نہیں بلکہ معاشرے کے امن و امان کے لیے اپنی زندگیوں تک کی قربانی دینے والے سپوت ہیں۔۔۔ واقعے پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہید سب انسپکٹر عدنان غیور کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "شہداء پنجاب پولیس ہمارا فخر ہیں، ان کے اہلخانہ کی دیکھ بھال اور فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔” سب انسپکٹر عدنان غیور کی شہادت نے ایک بار پھر واضح کر دیا کہ پولیس کے جوان امن کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کتنی بڑی ذمہ داری اپنے کندھوں پر اٹھائے ہوئے ہیں۔ خطرناک ملزمان کے سامنے ڈٹ جانا اور فرض کی ادائیگی کے دوران جان قربان کر دینا پولیس کے ان جوانوں کی جرأت، فرض شناسی اور وطن سے وفاداری کی روشن مثال ہے۔ پنجاب پولیس کے شہداء قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، جن کی قربانیاں قانون کی بالادستی اور معاشرے کے امن کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی