لاہور ( پی پی اے) پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں تربیلا اور کالا باغ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کالا باغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 21 ہزار کیوسک جبکہ تربیلا کے مقام پر 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہے۔ نالہ پلکھو اور دیگر نالوں میں پانی کا بہاؤ معمول پر ہے، تاہم دریائے راوی کے اہم ملحقہ نالہ ڈیک میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے جہاں پانی کا اخراج 15 ہزار 500 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 77 فیصد بھر چکا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیر و تفریح سے گریز کریں اور بچوں کو دریاؤں اور ندی نالوں میں ہرگز نہ نہانے دیں۔