اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان عوامی قوت پارٹی کے سربراہ اور راول جنرل اینڈ ڈینٹل ہاسپٹل و راول فاؤنڈیشن کے چیئرمین خاقان وحید خواجہ نے کہا ہے کہ ہم صوبہ ہزارہ کی حمایت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہزارہ کو جلد از جلد صوبے کا درجہ دیا جائے تاکہ وہاں کے عوام کی احساس محرومی ختم ہو سکے۔ انہوں نے یہ بات راولپنڈی میں ہزارہ کمیونٹی اور تحریک صوبہ ہزارہ کی خصوصی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب راولپنڈی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات سمیت پنڈی اسلام آباد میں مقیم ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے میزبان تحصیل لورہ کے صدر پیر بابر خان عباسی، نائب صدر نوید عباسی اور جنرل سیکرٹری تحریک صوبہ ہزارہ تحصیل لورہ سردار سجاد احمد ہزاروی تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی تحریک صوبہ ہزارہ کے نائب صدر سردار یاسر کڑلال اور پاکستان عوامی قوت پارٹی کے چیئرمین خاقان وحید خواجہ تھے۔ عباسیںہ ویلفیئرز کی جانب سے سفیر احمد عباسی اور ان کی پوری ٹیم نے شرکت کی۔ پشتون پارٹی کے چیئرمین عبدالرحیم خان بنگش اور ان کی پوری ٹیم نے صوبہ ہزارہ کی حمایت کا اعلان کیا۔ کوہستان سے آئے مہمان قاسم خان کوہستانی، راولپنڈی اسلام آباد کڑلال ویلفیئرز کے چیئرمین سردار ممریز کڑلال، لورہ سے آئے سدھیر عباسی اور اہلحدیث راولپنڈی مرکز کے امام و خطیب مولانا علام قاری ظہیر احمد کڑلال ہزاروی اور ان کی ٹیم نے بھی صوبہ ہزارہ کی حمایت کا اعلان کیا۔ گلیات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان اور ہزارہ کے دیگر علاقوں سے آئے قائدین اور کارکنان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ صوبہ ہزارہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور وہ اس تحریک کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر متعدد سیاسی و سماجی رہنماؤں نے تحریک صوبہ ہزارہ کی حمایت کا اعلان کیا۔