معذور افراد کی بحالی اور خودانحصاری کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں، سیف اللہ کھیتران

کوئٹہ (پی پی اے) ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر بلوچستان سیف اللہ کھیتران نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت معذور افراد کی بحالی، خودانحصاری اور بااختیاری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ انہیں معاشرے کا فعال اور باوقار حصہ بنایا جا سکے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر بلوچستان کی جانب سے مستحق معذور افراد کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے سکوٹیز (مخصوص موٹر سائیکلوں) اور ٹرائی سائیکلوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معذور افراد میں ٹرائی موٹرسائیکلیں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر و پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی کی خصوصی ہدایات اور رہنمائی میں محکمہ سوشل ویلفیئر معذور افراد کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشرے میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف عملی اقدامات اٹھا رہا ہے۔ سیف اللہ کھیتران نے کہا کہ سکوٹی اور ٹرائی سائیکل کی فراہمی کا مقصد معذور افراد کو آمدورفت میں سہولت دینا، ان کے اعتماد میں اضافہ کرنا اور انہیں خودانحصاری کی جانب گامزن کرنا ہے تاکہ وہ روزمرہ زندگی کے امور زیادہ آسانی سے انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر بلوچستان مستحق اور خصوصی افراد کو بلا تفریق ان کا حق فراہم کرنے اور انہیں باعزت، باوقار اور خودمختار زندگی گزارنے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معذور افراد کی فلاح و بہبود صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ معاشرے کے تمام طبقات کو خصوصی افراد کی بحالی، تعلیم، روزگار اور خودانحصاری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ڈی جی سوشل ویلفیئر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ مستقبل میں بھی معذور افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فلاحی اقدامات جاری رکھے گا تاکہ انہیں معاشرے کا بااختیار، متحرک اور فعال حصہ بنایا جا سکے۔

Comments (0)
Add Comment