نجکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، معیشت کو عروج و زوال کے چکر سے نکالنے کی کوشش جاری ہے: وزیر خزانہ

اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ نجکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو آگے بڑھانے کے لیے حکومت بھرپور تعاون جاری رکھے گی، کوشش ہے کہ معیشت کو عروج و زوال کے چکر سے نکالا جائے، جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح 8.8 فیصد سے بڑھ کر 10.3 فیصد ہو گئی ہے۔ جمعہ کو یہاں ایشیائی ترقیاتی بینک کے زیراہتمام ’’پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری‘‘ سے متعلق قومی سٹرٹیجک مکالمہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی پہلی ترجیح کلی معیشت کے استحکام کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھنا ہے۔ یہ استحکام بڑی محنت اور مشکل فیصلوں کے نتیجے میں حاصل ہوا، تاہم اس امر کو یقینی بنانا ہوگا کہ ملک دوبارہ عروج و زوال کے چکر میں نہ جائے۔ دوسری ترجیح استحکام سے پائیدار معاشی نمو کی طرف بڑھنا، تیسری ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے موجودہ راستے پر ثابت قدمی سے قائم رہنا اور چوتھی نجی شعبے کو ملکی معیشت کی قیادت جاری رکھنے کے قابل بنانا ہے، جہاں نجکاری کا عمل اہمیت اختیار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سے تین سال کے دوران حکومت نے دو بنیادی خساروں سے نمٹنے میں خاصا فاصلہ طے کیا ہے۔ چند برس قبل یہ خسارے جی ڈی پی کے 12.5 فیصد کی بلند ترین سطح سے کم ہو کر 2.6 فیصد رہ گئے ہیں۔ اس کمی میں ریونیو میں اضافہ اور اخراجات میں کمی نے اہم کردار ادا کیا۔ ایف بی آر میں افرادی قوت، طریقہ کار اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اصلاحات کے نتیجے میں گزشتہ دو سال کے دوران ریونیو وصولیوں میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سول حکومت چلانے اور قرضوں کی ادائیگی سمیت مجموعی اخراجات کم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ایف بی آر کا ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب ایک عرصے سے 8.8 فیصد پر جمود کا شکار تھا، جو اب بڑھ کر 10.3 فیصد ہو گیا ہے۔ اسے مزید بڑھاتے ہوئے قلیل مدت میں 11 سے 12 فیصد تک لے جانا ہوگا تاکہ خطے کے ممالک کی سطح تک پہنچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں ترسیلات زر کے مستحکم بہاؤ کے ساتھ آئی ٹی برآمدی خدمات میں حقیقی نمو نے بھی معیشت کو سہارا دیا۔ گزشتہ سال آئی ٹی برآمدی خدمات کا حجم 4.6 ارب ڈالر رہا، جس میں سے 1.6 ارب ڈالر فری لانسرز نے فراہم کیے۔ تاہم مستقبل میں اشیا کی برآمدات پر خصوصی توجہ دینا ہوگی جو تقریباً 30 ارب ڈالر کے قریب جمود کا شکار ہیں۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے بغیر سرکاری کاروباری اداروں میں مؤثر پیش رفت اور نجکاری کو آگے بڑھانا ممکن نہیں۔ حکومت نے 27 سرکاری اداروں کی ٹرانزیکشنز نجکاری کمیشن کو منتقل کی ہیں، جبکہ ناقابل اصلاح سرکاری اداروں کو بند کرنے کے فیصلے بھی کیے گئے، جن میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اور پاک پی ڈبلیو ڈی کی بندش شامل ہے۔ پبلک فنانس کے شعبے میں قرضوں کی خدمت کی لاگت کم کرنا اور پنشن اصلاحات بھی حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرض لینے کی ضروریات کے لیے بینکاری نظام پر حد سے زیادہ انحصار اب پائیدار نہیں رہا، اس لیے حکومت اس حوالے سے اقدامات کر رہی ہے۔ ایکویٹی کیپٹل مارکیٹس نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور نئے سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ میں آ رہے ہیں، تاہم قرض کی کیپٹل مارکیٹ پر بھی توجہ دینا ہوگی تاکہ سرمایہ کاری کی بنیاد متنوع اور بینکاری نظام پر انحصار کم کیا جا سکے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ وزارت خزانہ اور جاز کیش کے تعاون سے براہ راست ریٹیل سرمایہ کاروں سے رابطہ کیا جا رہا ہے اور اب پانچ ہزار روپے رکھنے والا شخص بھی ایپ کے ذریعے سرکاری سکیورٹیز میں سرمایہ کاری شروع کر سکتا ہے۔ حکومت مجموعی قرض کے حوالے سے بھی مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ پانڈا اور یورو بانڈ کا اجرا ہوچکا ہے جبکہ ہانگ کانگ کی طرز پر موجودہ یورو بانڈ قرض کے کچھ حصے کو ٹوکنائز کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہر وزارت، ادارے اور محکمے کو نجی سرمایہ کو اس عمل میں شامل کرنے کے لیے نئے اور مختلف طریقے اپنانا ہوں گے۔ نجکاری کے حوالے سے پی آئی اے کے معاملے نے حوصلہ اور رفتار فراہم کی ہے، جس کا اہم پہلو بڑے مقامی سرمایہ کاروں اور کاروباری گروپس کی شرکت ہے۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کو بھی آگے بڑھ کر سرمایہ کاری کا عزم اور آمادگی ظاہر کرنا ہوگی، جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مثبت پیغام ملتا ہے۔ ڈسکوز کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت ہو رہی ہے جو مجموعی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی سطح پر خاصی پیش رفت ہو رہی ہے اور بنیادی فریم ورک موجود ہے۔ پاکستان میں کامیاب ماڈلز موجود ہیں جن کی پیروی کی جا سکتی ہے، جبکہ صوبوں کی کامیاب مثالوں اور ان افراد کے تجربات سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے جنہوں نے یہ لین دین مکمل کیے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ نجی سرمایہ کو متحرک کرنے کے لیے تمام راستوں اور امکانات کا جائزہ لینا ہوگا۔ بعض بیرونی عوامل اور اچانک پیدا ہونے والے حالات حکومت کے اختیار میں نہیں ہوتے، تاہم قانون سازی، ٹیکس اور ریگولیٹری ماحول سمیت جو امور حکومت کے اختیار میں ہیں ان پر بھرپور توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پوری مشینری نجکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے

Comments (0)
Add Comment