اسلام آباد ( پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت طویل مدتی معاشی تبدیلی کے لیے پرعزم ہے، انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹاسک فورسز کے ذریعے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ان کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام بھی کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان ترقیاتی شراکت داری اور نئی کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹیجی 2026-2030 کے تحت ترجیحی شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں شہری بنیادی ڈھانچے، ٹرانسپورٹ اور عوامی خدمات کے منصوبوں میں اے ڈی بی کے تعاون کو سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے سخت مالیاتی، ساختی اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے مشکل معاشی بحالی کا مرحلہ کامیابی سے عبور کیا ہے، جس سے معیشت میں استحکام آیا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔ فچ، موڈیز اور ایس اینڈ پی سمیت عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کے معاشی منظرنامے کو مستحکم قرار دیا ہے۔ ملاقات میں کراچی سے پشاور تک مین لائن-1 ریلوے کوریڈور کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایم ایل-1 کی اپ گریڈیشن مال برداری کے نظام کو جدید بنانے، علاقائی تجارتی روابط مضبوط کرنے اور صنعتی منصوبوں کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔ فریقین نے ایم ایل-1 پر جلد عملی کام شروع کرنے، نجی شعبے اور ایس ایم ایز کی معاونت، توانائی و غذائی تحفظ، برآمدات کی مسابقتی صلاحیت، مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا۔ ملاقات کے اختتام پر کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹیجی 2026-2030 کی ترجیحات کو ٹھوس اقدامات میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا، تاکہ پائیدار معاشی ترقی اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری یقینی بنائی جا سکے