اسلام آباد( پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کثیرالجہتی نظام اور عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مؤثر کردار کی بھرپور اور مستقل حمایت جاری رکھے گا، موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق انہوں نے جمعہ کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے امیدوار سفیر اولارا اوتونو سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر یوگنڈا کے صدر کے خصوصی ایلچی اور یوگنڈا کے سابق وزیراعظم روہاکانا روگونڈا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد سے پاکستان کی پختہ وابستگی کا اعادہ کیا اور بین الاقوامی قانون و معاہدوں کے احترام کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق کے تین بنیادی ستونوں پر باہم مربوط اور متوازن انداز میں توجہ مرکوز رکھیں گے۔ اولارا اوتونو نے کثیرالجہتی نظام کے فروغ اور اقوام متحدہ کے تینوں بنیادی ستونوں کے لیے پاکستان کی دیرینہ اور نمایاں خدمات پر تشکر کا اظہار کیا اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے جاری کوششوں میں پاکستان کی قیادت اور اہم کردار کو سراہا