پی پی پیز اور نجکاری ملک کی مستقبل کی اقتصادی ترقی کا اہم ذریعہ ہیں: محمد علی

اسلام آباد (پی پی اے) وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس (پی پی پیز) اور نجکاری ملک کی مستقبل کی اقتصادی ترقی کے لیے اہم ذریعہ ہیں۔ جمعہ کو یہاں ایشیائی ترقیاتی بینک کے زیر اہتمام ’’پرائیویٹ کیپیٹل کو متحرک کرنا: پی پی پی اور نجکاری پر قومی سٹریٹجک ڈائیلاگ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری، نظم و ضبط، ہنرمند انسانی وسائل اور جدت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی معیشت میں متعلقہ رہنے کے لیے انفراسٹرکچر، بنیادی انسانی ضروریات، ہنرمند افرادی قوت، نظم و ضبط اور جدت کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ ملک کی آبادی موجودہ تقریباً 230 ملین سے بڑھ کر 2050 تک تقریباً 390 ملین ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں بنیادی شہری ڈھانچے کی ضرورت میں تقریباً 100 فیصد اضافہ ہوگا۔ محمد علی نے کہا کہ پاکستان کو مزید ہسپتال، سکول، توانائی و پانی کا بنیادی ڈھانچہ، ریلوے، ہوائی اڈے اور بندرگاہیں تعمیر کرنا ہوں گی۔ حکومت اکیلے بڑھتی ہوئی بنیادی ڈھانچے کی ضروریات پوری نہیں کر سکتی، خصوصاً اس لیے کہ پاکستان کی بچت کی شرح تقریباً 14 فیصد ہے، جبکہ ویتنام میں 32 اور چین میں 40 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی نقطہ نظر سے بھی نجکاری انتہائی اہم ہے، کیونکہ منافع کمانے کے لیے قائم کی جانے والی کمپنیوں کو عوامی پیسہ استعمال نہیں کرنا چاہیے اور ان کا انتظام نجی شعبے کے سپرد ہونا چاہیے۔ نجی شعبہ سرمایہ، انتظامی صلاحیت، جدت اور بہتر خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ریونیو لیکیج کم اور آپریشنل کارکردگی بہتر بنا سکتا ہے۔ پاکستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ مانیٹر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1990 سے اب تک تقریباً 36 ارب ڈالر مالیت کے 154 پی پی پی منصوبے مالیاتی مراحل کی تکمیل کے قریب پہنچ چکے ہیں، جو پاکستان کی ایسے منصوبے مکمل کرنے کی صلاحیت کا اظہار ہے۔ پاکستان کا پی پی پی پورٹ فولیو ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ترقی پذیر دنیا میں سرفہرست 14 اور معیشت کے حجم کے مقابلے میں سرفہرست 10 میں شمار کیا گیا ہے۔ مشیر نجکاری نے کہا کہ پاکستان کے پاس ضروری قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک پہلے سے موجود ہے۔ وفاقی پی پی پی اتھارٹی ایکٹ 2017 میں نافذ کیا گیا جبکہ چاروں صوبوں کے اپنے پی پی پی قوانین اور ادارے ہیں۔ وفاقی پی پی پی اتھارٹی، جسے پی تھری اے کا نام دیا گیا ہے، پی پی پیز، اثاثہ جات کی مونیٹائزیشن اور نجکاری کو ایک چھت تلے لانے کے لیے نجکاری ڈویژن کے تحت مضبوط کی جا رہی ہے، جس سے طریقہ کار آسان، سرمایہ کاروں سے رابطہ بہتر اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پی پی پی پائپ لائن میں سڑکوں، ریلوے، ہسپتالوں، مہمان نوازی، ہوابازی اور صنعتی اسٹیٹس کے تقریباً 6.5 ارب ڈالر مالیت کے 38 منصوبے شامل ہیں، تاہم اس پائپ لائن کو نمایاں طور پر وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔ نجکاری کے حوالے سے محمد علی نے کہا کہ حکومت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں، ہوائی اڈوں، انشورنس کمپنیوں اور بینکوں سمیت 27 ٹرانزیکشنز پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کو حکومت کی پیچیدہ نجکاری کی صلاحیت اور عزم کا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 600 ارب روپے کا ورثے میں ملا قرضہ ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ آمدنی کا ایک اہم حصہ، تقریباً 450 ملین ڈالر، پی آئی اے کی بحالی کے لیے ادارے میں منتقل کیا گیا ہے۔ پاور سیکٹر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی تقسیم کے نو اثاثوں کی فروخت پر کام کر رہی ہے، جس کا مقصد صرف اثاثوں کی نجکاری نہیں بلکہ پاور سیکٹر میں اصلاحات، مسابقتی سپلائی نظام متعارف کرانا اور شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ محمد علی نے پی پی پی کے شعبوں اور لین دین میں وسیع تنوع کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پی پی پی کے پانچ حکام کے درمیان قانونی اور دیگر دستاویزات کو معیاری بنانے کی ضرورت ہے تاکہ منصوبوں کی تکمیل تیز کی جا سکے۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے سرمایہ کاروں کے مضبوط اعتماد اور وزارتوں و سرکاری اداروں کے درمیان مربوط کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اداروں اور وزارتوں کو اس مشترکہ مقصد کے لیے اکٹھا ہونا ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment