ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے زیر اہتمام ایک تعزیتی ریفرنس منعقد

میرپور آزاد کشمیر(پی پی اے) سے میرپور آزاد جموں و کشمیر کے سینئر سیاستدان، معروف قانون دان اور سابق محتسب اعلیٰ آزاد جموں و کشمیر، ظفر حسین مرزا ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی یاد میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے زیر اہتمام ایک تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا، جس میں عدلیہ، وکلا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔تعزیتی ریفرنس میں جسٹس خالد یوسف چوہدری، جج عدالت عظمیٰ آزاد ریاست جموں و کشمیر اور جسٹس چوہدری خالد رشید، جج عدالت عالیہ آزاد ریاست جموں و کشمیر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے وکلا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔مرحوم ظفر حسین مرزا ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے صاحبزادے اور ممتاز قانون دان لئق عامر نے بھی تعزیتی ریفرنس میں خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین سابق صدر سپریم کورٹ بار راجہ انعام اللہ خان ایڈووکیٹ، صدر بار بابر علی خان ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلاء نے مرحوم ظفر حسین مرزا کی سیاسی، سماجی اور قانونی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی قانون کی سربلندی، انصاف کی فراہمی اور معاشرے کی بہتری کے لیے وقف کیے رکھی۔ مقررین نے ان کے کردار، اصول پسندی، شرافت اور قانونی میدان میں گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر مرحوم ظفر حسین مرزا ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے درجات کی بلندی، مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین

Comments (0)
Add Comment