ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اجلاس، غیر قانونی پٹرولیم مصنوعات اور سمگل شدہ اشیاء کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

خوشاب (پی پی اے) ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابرا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر عمارہ شیرازی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اجلاس کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع میں امن و امان، قانون کی عملداری، غیر قانونی کاروبار کے تدارک، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور مختلف محکموں کی ماہانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز ذریاب ساجد، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب طارق محمود گل، اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ عمار انور گل، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سپیشل برانچ، سکیورٹی برانچ، فیسکو، محکمہ ٹرانسپورٹ، سول ڈیفنس، پنجاب ہائی وے پٹرول، نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی)، محکمہ جنگلات، محکمہ تحفظ ماحولیات اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز نے مختلف محکموں کی ماہانہ کارکردگی اور اہم انتظامی امور کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔ سول ڈیفنس آفیسر ایڈیشنل چارج مرید عباس بھٹہ، کسٹم آفیسر علی رضا، ٹرانسپورٹ آفیسر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے غیر قانونی کاروبار، سمگل شدہ اشیاء اور پٹرولیم مصنوعات کے خلاف جاری کارروائیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابرا نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں غیر قانونی پٹرول اور ڈیزل کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ غیر قانونی پٹرول پمپس، آئل ایجنسیوں، سمگل شدہ پٹرول، ڈیزل، ایل پی جی اور دیگر غیر قانونی کاروبار کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تمام چھوٹے اور بڑے روٹس پر چلنے والی گاڑیوں کی جامع چیکنگ یقینی بنائی جائے۔ غیر قانونی طور پر سی این جی سلنڈرز نصب کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سلنڈرز ضبط کیے جائیں۔ انہوں نے اوور لوڈنگ، بغیر نمبر پلیٹ، بغیر رجسٹریشن اور حکومتی پالیسی و مقررہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ٹریفک پولیس کے افسر نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، جاری کیے گئے چالان اور عائد کیے گئے جرمانوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی، جبکہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی اپنی ماہانہ کارکردگی اور جاری کارروائیوں سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران پر زور دیا کہ باہمی روابط اور مؤثر کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف ٹارگٹڈ اور مؤثر کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی پٹرول پمپس، آئل ایجنسیوں، سمگل شدہ اشیاء کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ اجلاس میں سیف سٹی پراجیکٹ کے حوالے سے متعلقہ انچارج وسیم عباس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر کے 39 اندرونی و بیرونی مقامات پر مجموعی طور پر 172 کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کیمروں کے ذریعے نگرانی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر عائد کیے جانے والے جرمانوں کی تفصیلات سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر خوشاب نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی تعاون کے جذبے کے ساتھ انجام دیں تاکہ ضلع میں امن و امان، قانون کی عملداری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو مزید مؤثر بنایا جا سکے

Comments (0)
Add Comment