اسلام آباد۔ (پی پی اے) ستمبر 1965 کی جنگ کے چوتھے روز سیکنڈ لیفٹیننٹ شبیر شریف نے نہایت بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کیا۔ بے مثال قیادت، بہادری اور جنگی صلاحیت کے اعتراف میں انہیں ستارہ جرات سے نوازا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جنگ کے چوتھے روز اس وقت کی بھارتی وزیر خارجہ اندرا گاندھی نے دعویٰ کرتے ہوئے دھمکی دی کہ بھارت پاکستان کے ساتھ کشمیر کے تنازع کو ایک ہی دفعہ بذریعہ طاقت حل کرے گا، جبکہ چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جارحیت کا ارتکاب کیا ہے۔ چین کے سرکاری اخبار پیپلز ڈیلی نے لکھا کہ بھارتی افواج کی پاکستانی سرزمین میں جبری مداخلت پر پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے دفاع میں بھارتی فوجوں کو لائن آف کنٹرول سے پیچھے دھکیل دیا۔ جی ایچ کیو نے تمام فارمیشنز کو بھارت کے خلاف دفاعی اقدامات لینے کا حکم دے دیا۔ پاکستان کے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل افضل رحمان خان نے پاکستان بحریہ کے تمام نیول شپس کو سمندری حدود میں دفاعی پوزیشن لینے کا حکم دیا۔ بھارتی بحریہ کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے پاک بحریہ نے طویل فاصلے تک وار کرنے والی آبدوز اور پی این ایس غازی کو بھی تیاری کا حکم دیا۔ پی این ایس غازی کو یہ ذمہ داری بھی سونپی گئی کہ وہ بھارتی بحری جہازوں، بشمول آئی این ایس میسور اور آئی این ایس دہلی، سے لاحق خطرے کا رخ موڑے۔ جوڑیاں سیکٹر میں 6 فرنٹیئر فورس رجمنٹ کی پلاٹون نے سیکنڈ لیفٹیننٹ شبیر شریف کی سربراہی میں تروٹی میں اہم بھارتی مورچے پر حملہ کیا۔ یہ انتہائی سخت معرکہ تھا جس کے نتیجے میں کئی جوان شہید ہوئے۔ سیکنڈ لیفٹیننٹ شبیر شریف نے نہایت بہادری سے اپنے سپاہیوں کو بھارتی افواج کے نرغے سے نکالا، انہیں دوبارہ منظم کیا اور پھر حملہ کیا۔ وہ اپنے 6 شہدا کے جسد خاکی اور 15 زخمیوں کو بھی وہاں سے نکال لائے۔ سیکنڈ لیفٹیننٹ شبیر شریف نے تیسری بار حملہ کرتے ہوئے ایک آرٹلری گن کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔ بے مثال قیادت، بہادری اور جنگی صلاحیت کے اعتراف میں انہیں ستارہ جرات سے نوازا گیا۔ پاکستان ایئر فورس نے بھی بھارتی فضائیہ کی پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔