اسلام آباد ( پی پی اے) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے فیسیلیٹیشن وینز کی رواں سال کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق 7 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق مختلف سہولیات فراہم کی گئیں۔ رجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق فیسیلیٹیشن وینز کے ذریعے 2 ہزار 900 سے زائد شہریوں کو لرنر پرمٹ جاری کیے گئے، 2 ہزار سے زائد شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کی گئی جبکہ 200 سے زائد شہریوں کو ڈوپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ فیسیلیٹیشن وینز کے ذریعے 1 ہزار 700 سے زائد شہریوں کو ٹیسٹ فارم جاری کیے گئے جبکہ 200 سے زائد شہریوں کو ڈوپلیکیٹ لائسنس اور ٹیسٹ فارم کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی یا موٹر سائیکل چلانا قانونی طور پر جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کو ان کی دہلیز پر ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے جبکہ شہریوں کو بروقت، شفاف اور آسان سروسز کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے