ایم ڈی ستھرا پنجاب کا گوجر خان کا دورہ، صفائی آپریشن مزید مؤثر بنانے کی ہدایات

راولپنڈی(پی پی اے) ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے تحصیل گوجر خان کا تفصیلی دورہ کیا اور شہر میں جاری صفائی آپریشن، ویسٹ انکلوژر، ٹی سی پی اور ڈمپنگ اسٹیشن کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر مینیجر آپریشنز ڈسٹرکٹ راولپنڈی عامر یونس نائیک، تحصیل مینیجر آپریشنز عمیر قریشی اور مینیجر کنٹریکٹرز کامران امجد نے ایم ڈی رانا ساجد صفدر کو گوجر خان میں جاری صفائی آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرایا۔ ایم ڈی نے مختلف بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے دکانداروں اور شہریوں سے ملاقاتیں کیں اور صفائی کے حوالے سے ان کی تجاویز اور آراء معلوم کیں۔ شہریوں اور تاجر برادری نے گوجر خان میں صفائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کی کاوشوں کو سراہا۔ رانا ساجد صفدر نے کہا کہ گوجر خان سمیت راولپنڈی ضلع کے تمام علاقوں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانا اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے فیلڈ آپریشنز کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور صفائی عملے کو کوڑا کرکٹ بروقت اٹھانے اور بازاروں سمیت تمام اہم مقامات پر صفائی کا بہترین معیار برقرار رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے تاجر برادری اور شہریوں پر زور دیا کہ صفائی کے نظام میں بہتری کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور سڑکوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر کوڑا پھینکنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی صرف سرکاری اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ شہریوں کے تعاون سے ہی صاف ستھرے شہر کا خواب حقیقت بن سکتا ہے۔
ایم ڈی نے افسران اور فیلڈ عملے کو بازاروں میں صفائی کے انتظامات مزید مؤثر بنانے، ویسٹ کی بروقت کلیکشن و منتقلی اور شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ زیرو ویسٹ کے ہدف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کا مقصد صرف صفائی آپریشن کرنا نہیں بلکہ شہریوں میں صفائی کا شعور اجاگر کرکے مستقل اور مؤثر صفائی کا نظام تشکیل دینا ہے۔ اس مقصد کے لیے فیلڈ آپریشنز کے ساتھ ساتھ آگاہی مہم بھی جاری رکھی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب وژن کے مطابق شہریوں کو بہترین صفائی کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام افسران اور ورکرز اپنی ذمہ داریاں محنت اور لگن سے ادا کریں۔
دریں اثناء ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کی کمیونیکیشن ٹیم نے گوجر خان میں صفائی اور انسدادِ سموگ آگاہی مہم کے دوران دکانداروں اور شہریوں میں معلوماتی پمفلٹس تقسیم کیے اور انہیں سموگ کے اسباب، ماحولیاتی آلودگی کے نقصانات اور اس کی روک تھام کے لیے ضروری حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا۔
کمیونیکیشن ٹیم نے شہریوں کو صفائی سے متعلق شکایات کے اندراج کے لیے ستھرا پنجاب ہیلپ لائن 1139، ستھرا پنجاب شہری ایپ اور سوشل میڈیا پیجز کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی۔ شہریوں کو بتایا گیا کہ صفائی سے متعلق کسی بھی مسئلے کی فوری نشاندہی کی جائے تاکہ شکایت کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے

Comments (0)
Add Comment