لاہور( پی پی اے) وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت نجی شعبے کو پالیسی سازی میں مؤثر طور پر شامل کرنے، کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور معیشت میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور ملکی معیشت کا اہم مرکز ہے اور لاہور و گردونواح کی صنعتیں اور کاروباری ادارے ٹیکس وصولی، روزگار اور برآمدات میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ کاروباری برادری کے ساتھ حکومت کا مستقل رابطہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر گزشتہ ایک سال کے دوران چیمبرز اور کاروباری طبقات کے ساتھ روابط بڑھائے گئے ہیں، جبکہ پالیسی سازی میں نجی شعبے کی تجاویز کو شامل کیا جا رہا ہے تاکہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مؤثر پالیسیاں تشکیل دی جا سکیں۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ بجٹ کی تیاری کے دوران نجی شعبے کے نمائندوں سے مشاورت اور مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے، جنہوں نے ٹیکس، توانائی اور صنعتی ترقی سمیت مختلف شعبوں کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں 15 کروڑ سے 50 کروڑ روپے تک سالانہ آمدن رکھنے والے کاروباروں کے لیے سپر ٹیکس ختم کیا گیا ہے جبکہ ایکسپورٹرز کے لیے بھی سپر ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔ 50 کروڑ روپے سے زائد سالانہ آمدن رکھنے والے بڑے کاروباروں کے لیے سپر ٹیکس کی شرح 10 سے کم کرکے 8 فیصد کر دی گئی ہے۔وزیر مملکت نے بتایا کہ ایکسپورٹرز کے ایکسپورٹ پروسیڈز پر کٹوتی 2 فیصد سے کم کرکے 1.25 فیصد کر دی گئی ہے۔ برآمد کنندگان کے مسائل کے بروقت حل کے لیے کراچی، فیصل آباد، لاہور اور سیالکوٹ سمیت بڑے برآمدی مراکز میں ایکسپورٹرز فیسلیٹیشن کمیٹیاں بھی قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج ختم کرنے کے ساتھ اس کے بورڈ میں بھی اصلاحات کی گئی ہیں۔ چھوٹے دکانداروں کے لیے متعارف ٹیکس سکیم کے تحت 20 کروڑ روپے یا اس سے کم سالانہ آمدن رکھنے والے دکاندار شامل ہو سکتے ہیں۔ سکیم موجودہ فائلرز اور نان فائلرز دونوں کے لیے اختیاری طور پر دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نجکاری، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور دیگر اقدامات کے ذریعے معیشت میں نجی شعبے کا کردار بڑھا رہی ہے۔ مقصد نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کو فوری مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ درمیانی اور طویل مدتی معاشی پالیسی سازی میں بھی مؤثر شراکت دار بنانا چاہتی ہے۔