( پی پی اے) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل نے پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور ایشیا بحرالکاہل خطے میں مشترکہ خوشحالی کے فروغ میں میڈیا کے اہم کردار پر زور دیا ہے۔ ہفتہ کو ایشیا بحرالکاہل میڈیا فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیرپا شراکت داری صرف سڑکوں، بندرگاہوں اور سرمایہ کاری پر نہیں بلکہ مشترکہ کہانیوں، اعتماد اور باہمی افہام و تفہیم پر بھی قائم ہوتی ہے۔ فورم کی میزبانی چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ تشہیر، شنہوا نیوز ایجنسی، گوانگ ڈونگ صوبے کی عوامی حکومت اور شینزین میونسپل پیپلز گورنمنٹ نے کی۔ ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان نے شنہوا نیوز ایجنسی اور ایشیا بحرالکاہل میڈیا فورم کے سیکرٹریٹ کو ایشیا بحرالکاہل خطے سے وزراء، پالیسی سازوں، میڈیا رہنماؤں، صحافیوں، ماہرین، کاروباری نمائندوں اور تھنک ٹینکس کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فورمز خیالات کے تبادلے، ادارہ جاتی و پیشہ ورانہ روابط کے فروغ، باہمی افہام و تفہیم اور علاقائی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے اہم پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے چینی حکومت، شنہوا کی قیادت اور فورم کے منتظمین کو مبارکباد بھی پیش کی۔ وزیر مملکت نے پاکستان اور چین کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کے فروغ میں شنہوا کے بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کی اردو سروس چینی ترقی، تناظر اور کہانیوں کو پاکستانی عوام تک ان کی اپنی زبان میں پہنچا کر دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اہم پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورم کا انعقاد ایک اہم موقع پر ہو رہا ہے کیونکہ 2026ء کو اے پی ای سی کے ’’چین سال‘‘ کے طور پر منایا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ بھی اسی سال ہے۔ انہوں نے پاک چین تعلقات کو ’’چٹان کی طرح مضبوط‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اپنی آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ پر فخر کرتے ہیں۔ ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں کے دوران پاکستان اور چین نے مشکلات اور تبدیلی کے ادوار میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، جبکہ اب دونوں ممالک مشترکہ مستقبل کے لیے اپنی اقوام کو مزید قریب لانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا تعاون روایتی شعبوں سے آگے بڑھ کر معیشت، رابطہ کاری، زراعت، معدنیات، سائنس و ٹیکنالوجی، موسمیاتی و سبز ترقی، تعلیم اور میڈیا تک وسیع ہو چکا ہے۔ وزیر مملکت نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو دوطرفہ تعاون کا پرچم بردار منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری اب ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے، جس میں صنعتی تعاون، رابطہ کاری، برآمدات، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کی فراہمی پر توجہ مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک 2.0 کے تحت توجہ بنیادی ڈھانچے سے صنعت کاری کی جانب منتقل ہو رہی ہے، یعنی سڑکوں اور بجلی گھروں کی تعمیر کے ساتھ برآمدات، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔ ڈاکٹر شذرہ نے کہا کہ سی پیک کے تحت معاشی تبدیلی ایک ایسی ترقیاتی داستان ہے جو درست، پائیدار اور ذمہ دارانہ میڈیا کوریج کی متقاضی ہے۔ پاکستان اور چین نے میڈیا تعاون کا وسیع فریم ورک قائم کر رکھا ہے، جس میں خبر رساں ادارے، نشریاتی ادارے، فلم و دستاویزی شعبے، مواد کا باقاعدہ تبادلہ اور ادارہ جاتی روابط شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ٹیلی ویژن چینی ہم منصب اداروں کے ساتھ مشترکہ پروڈکشن کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے، جس سے چینی نقطہ نظر پاکستانی عوام اور پاکستانی نقطہ نظر چینی عوام تک پہنچانے میں مدد مل رہی ہے۔وزیر مملکت نے چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور (سی پی آئی سی) کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی اجاگر کیا، جس کا مقصد میڈیا، تھنک ٹینکس، جامعات، نوجوانوں، کاروباری اور ثقافتی شعبوں سے وابستہ افراد کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے پاکستانی اور چینی میڈیا، تھنک ٹینکس، جامعات، نوجوانوں اور کاروباری اداروں کی کوششوں کو مربوط کیا جا رہا ہے تاکہ معلومات کے تبادلے، عوامی روابط کے فروغ اور مربوط دوطرفہ بیانیے کی تشکیل میں مدد مل سکے۔ ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل نے کہا کہ سی پی آئی سی اقدام کی سربراہی کرنا ان کے لیے اعزاز ہے اور یہ پلیٹ فارم جامعات، میڈیا تنظیموں اور ثقافتی اداروں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کے ساتھ فعال رابطہ کاری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے ایشیا بحرالکاہل میڈیا فورم کے موضوع ’’ایشیا بحرالکاہل برادری کی مشترکہ خوشحالی کی راہ: میڈیا اتفاق رائے اور عملی اقدام‘‘ کو علاقائی تعاون کی عملی مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا بحرالکاہل میں مشترکہ خوشحالی کا راستہ جبر کے بجائے تعاون، رکاوٹوں کے بجائے آزاد تجارت اور تقسیم کے بجائے مکالمے سے ہو کر گزرتا ہے۔ پاکستان کثیرالجہتی تعاون اور علاقائی استحکام کے لیے پرعزم ہے، جہاں ہر قوم، خواہ بڑی ہو یا چھوٹی، نتائج میں برابر کی شراکت دار ہو۔ وزیر مملکت نے فورم میں شریک میڈیا نمائندوں پر زور دیا کہ وہ دستیاب شواہد کی بنیاد پر علاقائی تعاون سے متعلق رپورٹنگ جاری رکھیں اور خطے کو درپیش مواقع کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھائیں۔ اختتامی کلمات میں ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل نے چین اور وسیع تر ایشیا بحرالکاہل خطے کے ساتھ میڈیا، ثقافتی، اقتصادی اور عوامی روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فورم میں میڈیا کا اتفاق رائے وسیع تر علاقائی ایجنڈے میں مؤثر کردار ادا کرے گا، خصوصاً ایسے وقت میں جب چین نومبر میں شینزین میں 33ویں اے پی ای سی اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورم کے موضوع کی حقیقی روح کے مطابق آج کے اتفاق رائے کو کل کی مشترکہ اور پائیدار خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔