لاہور ( پی پی اے) وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ستھرا پنجاب اتھارٹی کا پانچواں اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کے انتظامی اور مالیاتی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود، ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید، ٹیکنیکل ممبرز چوہدری جعفر اقبال، علی طارق، سائرہ افتخار اور مظفر اسلام موجود تھے جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ستھرا پنجاب وزیراعلیٰ مریم نواز کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ وزیراعلیٰ کے وژن اور سیاسی عزم کے باعث آج پورے صوبے میں صفائی کا مربوط نیٹ ورک موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں شہروں میں برائے نام صفائی کا نظام تھا جبکہ دیہی علاقوں میں سرے سے کوئی نظام موجود نہیں تھا اور کئی دیہات میں برسوں سے کوڑا کرکٹ جمع ہوتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کہیں بھی جائیں، ستھرا پنجاب کا فٹ پرنٹ نظر آتا ہے۔ ایک لاکھ 80 ہزار ورکرز اور 40 ہزار گاڑیوں کی ڈیجیٹل نگرانی کا نظام بنایا گیا ہے، تاہم کوئی بھی نظام عوام کی شرکت کے بغیر سو فیصد نتائج نہیں دے سکتا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ستھرا پنجاب میں شہریوں کی شمولیت بڑھانے کے لیے آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانا ضروری ہے۔ حکومت چیلنجز سے سیکھ کر آگے بڑھنے اور سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے زیر انتظام جمع ہونے والے ویسٹ کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، جبکہ ویسٹ ٹو ویلیو منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز اور اس حوالے سے واضح سمت کا تعین بھی کرلیا گیا ہے