قصور ( پی پی اے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کے زیرِ صدارت ڈی سی آفس قصور میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف منصوبوں پر پیش رفت، نئی ترقیاتی سکیموں، فنڈز کی دستیابی اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال، تکمیل کی مدت اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں بریفنگ دی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے متعلقہ افسران کو تمام زیرِ تعمیر ترقیاتی منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، عوامی سہولیات میں بہتری اور حلقے کی تعمیر و ترقی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ متعلقہ افسران منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی اور تعمیراتی کام کے معیار کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قصور آصف رضا، ملک اعجاز احمد خان، ملک ریاض احمد خان، تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، ایکسین بلڈنگ، پبلک ہیلتھ، ہائی وے، سی ای او ایجوکیشن سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔