سی ڈی اے کی سینیٹیشن ٹیمیں فیلڈ میں متحرک، بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کے لیے اقدامات جاری

اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی دارالحکومت میں بارش کے باعث شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے، بارش کے پانی کی بروقت نکاسی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سی ڈی اے سینیٹیشن ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سینیٹیشن کی ٹیمیں بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب اور ٹریفک کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں، جبکہ نالوں، ڈرینز، انڈر پاسز اور نشیبی و حساس مقامات کی خصوصی مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔ سی ڈی اے نے سینیٹیشن، اسلام آباد واٹر، ایمرجنسی اور ریسکیو کے افسران و عملے کو فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے صورتحال کی سخت نگرانی اور فوری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ پانی کھڑا ہونے والے مقامات پر فوری نکاسی آب کے لیے ضروری آپریشنز جاری رکھنے اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی رابطہ مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ سی ڈی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ تیز بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خصوصاً نشیبی علاقوں اور انڈر پاسز میں جانے سے اجتناب کریں۔ ہنگامی صورتحال میں شہری سینیٹیشن، ایمرجنسی اور ریسکیو ڈیپارٹمنٹس سے فوری رابطہ کرسکتے ہیں۔ ہنگامی مدد کے لیے 1122، 16 اور 1334 نمبرز پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ سی ڈی اے کے مطابق شہریوں کی حفاظت، محفوظ ٹریفک کی روانی، بروقت ریلیف اور بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

Comments (0)
Add Comment