یومِ دفاع و شہدا کی مناسبت سے پشاور کے تعلیمی اداروں میں تقریبات

اسلام آباد ( پی پی اے) یومِ دفاع و شہدا کی مناسبت سے پاک فوج کے زیر اہتمام پشاور کے تعلیمی اداروں میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ گورنمنٹ ایمن شہید ہائیر سیکنڈری سکول، مدر کیئر مونٹیسوری سکول، گورنمنٹ سنٹینیل ماڈل سکول، سمارٹ ہائی سکول گلبرگ کیمپس، حیات آباد ماڈل سکول، گورنمنٹ ضیاء الاسلام ہائی سکول فار بوائز، پاک ایئر فاؤنڈیشن سکول سسٹم اور دیگر تعلیمی اداروں میں تقریبات منعقد ہوئیں۔ تقریبات میں طلبہ کے مابین ملی نغموں، ٹیبلوز اور تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ طلبہ نے ملی جذبے سے بھرپور نغمے اور خوبصورت ٹیبلوز پیش کرکے حاضرین سے داد وصول کی جبکہ دفاع وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ طلبہ نے اپنی تقاریر میں پاک فوج کے شہدا کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے وطن سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ یومِ دفاع و شہدا کی تقریبات میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے شرکت کرکے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ طلبہ نے پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ مل کر پرچم کشائی کی اور ملک سے اپنی گہری عقیدت و محبت کا اعادہ کیا۔ تقریبات کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے

Comments (0)
Add Comment