یوم دفاع و شہداء، مسلح افواج کا ملکی سلامتی اور دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کا عزم

اسلام آباد ( پی پی اے): یوم دفاع و شہداء کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج نے ملکی سلامتی، خودمختاری اور بقا کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواج پاکستان دفاع وطن کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔ افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں نے کہا کہ پاک فوج کا ہر جوان وطن کا محافظ اور اس کی بقا و سلامتی کا امین ہے، ہم ملک کی سرحدوں کے محافظ ہونے کے ساتھ اس کے حال اور مستقبل کے بھی خیرخواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی دشمن نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا، پاک افواج نے سینہ سپر ہوکر وطن کی حفاظت کو مقدم رکھا۔ وطن سے محبت میں پاک فوج نے ہر ذمہ داری نبھائی اور پاکستانی ہونے پر ہمیشہ فخر کیا۔ افواج پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک افواج اور عوام مل کر ملک کے خوابوں اور قوم کی امیدوں کو آگے بڑھائیں گے۔ یوم دفاع و شہداء کے موقع پر وطن کے محافظوں نے محنت، اتحاد اور قومی یکجہتی کے ذریعے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل تک پہنچانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

Comments (0)
Add Comment