یوم دفاع پاکستان، بلوچستان سینٹر آف ایکسیلنس کے زیر اہتمام کوئٹہ میں راؤنڈ ٹیبل کانفرنس

کوئٹہ ( پی پی اے) بلوچستان سینٹر آف ایکسیلنس، حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کے موقع پر کوئٹہ میں ’’لچکدار اور ابھرتا ہوا پاکستان‘‘ کے عنوان سے راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ جمیل احمد بلوچ نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی مضبوطی صرف دفاعی صلاحیتوں میں نہیں بلکہ ایک مضبوط، تعلیم یافتہ، متحد اور ذمہ دار معاشرے میں بھی مضمر ہے۔ چیف کوآرڈینیشن آفیسر ڈاکٹر دوست محمد نے کہا کہ مضبوط پاکستان کے لیے اداروں، نوجوانوں اور معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈپٹی کوآرڈینیشن آفیسر عصمت خان نے نوجوانوں کی تعلیم، شعور اور مثبت کردار کو ملک کے مستقبل کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو قومی ترقی کے عمل میں مؤثر مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ عبدالمتین اخوانزادہ نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں قومی اتحاد اور اجتماعی ذمہ داری کو پاکستان کی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ چیلنجز کا مقابلہ مشترکہ سوچ اور عملی اقدامات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔بیوٹمز یونیورسٹی کی لیکچرر خالدہ ناز اور ینگ ریسرچر عرشہ منظور نے پاکستان کے مستقبل، قومی یکجہتی، نوجوانوں کے کردار اور مضبوط و پائیدار معاشرے کی تشکیل کے لیے مؤثر شمولیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ یوم دفاع کے موقع پر منعقدہ یہ نشست اس عزم کی عکاس تھی کہ چیلنجز سے نمٹنے اور پاکستان کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں، قومی یکجہتی اور ذمہ دارانہ کردار کو فروغ دینا ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment