راولپنڈی( پی پی اے) ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے کمیٹی چوک فیملی پارک کا دورہ کرکے صفائی آپریشن اور ورکرز کی حاضری کا جائزہ لیا، جبکہ ستھرا پنجاب کی کمیونیکیشن ٹیم نے نیشنل مارکیٹ میں صفائی اور انسدادِ سموگ آگاہی مہم کے تحت دکانداروں میں معلوماتی پمفلٹس تقسیم کیے۔ رانا ساجد صفدر نے آپریشن سٹاف کو فیلڈ مانیٹرنگ مزید مؤثر بنانے اور ورکرز کی حاضری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ڈیوٹی میں غفلت اور کوتاہی پر زیرو ٹالرنس ہے۔ تمام افسران اور ورکرز ایمانداری اور ذمہ داری سے فرائض انجام دیں اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور محنت جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کا خاتمہ بھی ہماری ترجیح ہے۔ شہری اور دکاندار کچرا جلانے سے گریز کریں، اسے کوڑادان میں ڈالیں یا صفائی ورکرز کے حوالے کریں، جبکہ جھاڑو سے قبل پانی کا چھڑکاؤ اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی بروقت مرمت یقینی بنائیں۔ کمیونیکیشن ٹیم نے نیشنل مارکیٹ میں شہریوں کو صفائی سے متعلق شکایات کے اندراج کے لیے ہیلپ لائن 1139، ستھرا پنجاب شہری ایپ اور سوشل میڈیا پیجز سے رجوع کرنے کی بھی آگاہی دی دورے کے موقع پر مینیجر آپریشنز ڈسٹرکٹ راولپنڈی عامر یونس نائیک، مینیجر آپریشنز سٹی سید حسن سردار اور آپریشن سٹاف موجود تھے، جنہوں نے ایم ڈی کو جاری صفائی آپریشن اور فیلڈ سرگرمیوں پر بریفنگ دی