اسلام آباد( پی پی اے) غوری ٹاؤن فیز 3 میں اتحاد گروپ اور علاقے کے رہائشیوں کا اہم اجلاس راجہ آصف کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اتحاد گروپ کے رہنماؤں حنیف کھوکھر، خالد کھوکھر، طاہر عباسی، امتیاز منہاس سمیت علاقے کے معززین اور بڑی تعداد میں رہائشیوں نے شرکت کی۔ شرکاء کی بڑی تعداد اور مقررین کے پُرجوش خطابات کے باعث اجلاس بعد ازاں بڑے عوامی اجتماع کی شکل اختیار کر گیا۔ اجلاس کا بنیادی مقصد غوری ٹاؤن فیز 3 میں گزشتہ تقریباً سات سال سے انتخابات نہ ہونے، بڑھتے ہوئے رہائشی مسائل اور علاقے میں جاری مبینہ غیر مناسب کمرشل تعمیرات کے حوالے سے رہائشیوں کے تحفظات پر غور کرنا تھا۔ اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ طویل عرصے سے انتخابات نہ ہونے کے باعث رہائشیوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے مؤثر نمائندگی کا فقدان ہے، جس کے نتیجے میں علاقے کے مختلف مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ رہائشیوں نے الزام عائد کیا کہ بعض عناصر کی جانب سے رہائشی علاقوں میں مبینہ طور پر قبضے اور غیر مناسب تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ رہائشی گلیوں میں بڑے بڑے پلازے تعمیر کیے جانے سے علاقے کا بنیادی رہائشی ڈھانچہ متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ رہائشی علاقوں میں کمرشل تعمیرات کا نوٹس لے کر قانون و ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ گلیوں اور رہائشی آبادی کے اندر پلازوں کی تعمیر سے ٹریفک، پارکنگ، نکاسی آب اور دیگر بنیادی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے ایسی تعمیرات کا سلسلہ بند کیا جانا چاہیے تاکہ مکینوں کو پُرسکون اور بہتر رہائشی ماحول میسر آسکے۔مقررین نے زور دیا کہ غوری ٹاؤن فیز 3 کے مسائل کے حل اور رہائشیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے باقاعدہ، شفاف اور نمائندہ انتخابات کا انعقاد ضروری ہے۔ شرکاء نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ غوری ٹاؤن فیز 3 کے انتخابات 27 ستمبر 2026 کو منعقد کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے ارکان بھی مقرر کیے گئے جن میں ملک منظور حسین، اخبار عباسی، محمد امتیاز منہاس، ذوالفقار عباسی، کفایت حسین شاہ اور دیگر شامل ہیں۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ انتخابی عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا اور تمام رہائشیوں کو اپنی قیادت منتخب کرنے کا حق دیا جائے گا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ بعد ازاں مختلف رہنماؤں اور رہائشیوں نے خطاب کرتے ہوئے علاقے کے مسائل اور مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔ اجلاس کے اختتام پر اجتماعی دعائے خیر کی گئی جبکہ شرکاء کے لیے ہائی ٹی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ بعد ازاں اتحاد گروپ کے عہدیداران اور غوری ٹاؤن فیز 3 کے رہائشی اکٹھے ہو کر علاقے کی پانی کی ٹینکی پر پہنچے۔ اس موقع پر شرکاء نے بتایا کہ مذکورہ ٹینکی غوری ٹاؤن فیز 3 کے رہائشیوں کے لیے وقف ہے اور فرخ خان کھوکھر نے اسے اپنے مرحوم والد تاجی کھوکھر کے ایصالِ ثواب کے لیے وقف کیا ہے۔ رہائشیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے کے اجتماعی مسائل کے حل، رہائشی حقوق کے تحفظ اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے آئندہ بھی متحد ہو کر آواز بلند کی جائے گی۔ غوری ٹاؤن فیز 3 میں ہونے والا یہ اجتماع گزشتہ سات سال سے زیر التوا انتخابات، رہائشی مسائل اور کمرشل تعمیرات کے حوالے سے مکینوں کے تحفظات کے باعث اہمیت اختیار کر گیا ہے، جبکہ 27 ستمبر 2026 کو انتخابات کرانے کا متفقہ فیصلہ علاقے کی آئندہ قیادت کے انتخاب کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے