راولپنڈی ( پی پی اے) پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) نے ملک بھر کی تمام پی اے ایف بیسز پر 7 ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا جس کا مقصد اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا اور ان کی بہادری، شجاعت اور فرض سے بے مثال وابستگی کو سلام پیش کرنا تھا. پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق یوم شہداء کا آغاز 1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے شہداء، معرکہ حق کے بہادر شہداء اور پاکستان کے قیام سے لے کر اب تک فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فضائیہ کے تمام اہلکاروں کے لیے خصوصی دعا اور قرآن خوانی سے ہوا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اسلام آباد میں ایئر ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ یوم شہداء کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ ایئر چیف مارشل نے پاک فضائیہ کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پاک فضائیہ کے قابل فخر ورثے، بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف کے بہادرانہ کارنامے محض تاریخ کے ابواب نہیں بلکہ ایک زندہ ورثہ ہیں جو موجودہ نسل پر گہری ذمہ داری عائد کرتے ہیں۔ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء بہادری، قربانی اور قومی عزم کی لازوال علامت ہیں، ان کی میراث ہمیں یاد دلاتی ہے کہ مادر وطن کا دفاع ایک مقدس امانت ہے جسے ہم ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ نبھاتے رہیں گےبعد ازاں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فضائیہ کے بہادر شہداء کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی