لاہور (پی پی اے) چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی زیرِ صدارت لیسکو ہیڈکوارٹر میں تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جی ایم ٹیکنیکل رائے محمد اصغر، کسٹمر سروسز ڈائریکٹر عباس علی، مینیجر سی ایم یو رائے مسعود اور مینیجر کمرشل نعمان ملہی نے شرکت کی۔ ترجمان لیسکو کے مطابق اجلاس میں بجلی چوری کے خلاف جاری آپریشنز، ریکوری صورتحال اور سال27 -2026 کے مقررہ ٹارگٹس کے حصول کے لئے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ افسران کو ہدایت کی گئی کہ ریکوری میں بہتری، نادہندگان کے خلاف کارروائی اور بجلی چوری کے خاتمے کے لیے مؤثر لائحہ عمل پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ کسٹمر سروسز کے حوالے سے صارفین کو بروقت اور بہتر سہولیات کی فراہمی، شکایات کے فوری ازالے اور مختلف سروسز میں مزید بہتری لانے پر بھی زور دیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ بجلی چوری کا خاتمہ اور ریکوری میں بہتری لیسکو کی اولین ترجیحات ہیں۔ تمام افسران مقررہ اہداف کے حصول کے لیے بھرپور محنت کریں اور صارفین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے ساتھ فیلڈ میں مؤثر کارکردگی یقینی بنائیں