ایس آئی ایف سی اور سومیٹومو کارپوریشن رابطہ ایس آئی ایف سی کا جاپانی کمپنی سومیٹومو کارپوریشن سے رابطہ

اسلام آباد( پی پی اے): خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے جاپان کی معروف کمپنی سومیٹومو کارپوریشن سے پاکستان کے اعلیٰ صلاحیت کے حامل معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔ ایس آئی ایف سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سومیٹومو کارپوریشن جاپان کا معروف عالمی تجارتی و سرمایہ کاری گروپ ہے، جس کا صدر دفتر ٹوکیو کے چیودا ضلع میں واقع ہے۔ ایس آئی ایف سی کا یہ رابطہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے اہم اور اسٹریٹجک معاشی شعبوں سے منسلک کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں تلاش، ترقی، ویلیو ایڈیشن اور ڈاؤن اسٹریم صنعتی سرگرمیوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ایس آئی ایف سی عالمی سرمایہ کاروں کی شرکت بڑھانے اور ملک کے معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے بین الاقوامی روابط کو فعال طور پر فروغ دے رہا ہے۔ ایس آئی ایف سی کے مطابق سرمایہ کاری میں سہولت، خصوصی سکیورٹی انتظامات اور پالیسیوں میں تسلسل کے ذریعے بین الاقوامی کاروباری اداروں کے لیے قابلِ اعتماد، پیش گوئی کے قابل اور سرمایہ کاری دوست ماحول فراہم کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ سومیٹومو کارپوریشن کے ساتھ رابطہ پاکستان کے قدرتی وسائل میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی کا عکاس ہے۔ ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور مواقع کو پائیدار و تجارتی بنیادوں پر کامیاب منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

Comments (0)
Add Comment