وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے جدید کمانڈ سینٹر کا افتتاح کردیا

اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے جدید کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔ نئے مرکز کے ذریعے آئی جی اسلام آباد اپنے دفتر سے سیف سٹی، پولیس آپریشنز اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو براہِ راست مانیٹر اور کمانڈ کرسکیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جدید کمانڈ سینٹر سے اسلام آباد پولیس کی کمانڈ، مانیٹرنگ، رابطہ کاری اور فوری فیصلہ سازی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔ سیف سٹی سمیت پولیس کے تمام اہم آپریشنل نظام ایک مرکزی پلیٹ فارم سے منسلک ہوں گے، جس سے ہنگامی یا سکیورٹی صورتحال میں آئی جی اسلام آباد براہِ راست صورتحال کا جائزہ لے کر فوری احکامات جاری کرسکیں گے۔محسن نقوی نے کہا کہ جدید مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی پر مبنی نظام کے ذریعے پولیس کی کارکردگی، رسپانس ٹائم اور فیلڈ فورس کی نگرانی مزید مؤثر ہوگی۔ نئے مرکز کا بنیادی مقصد آئی جی اسلام آباد کو ایک ہی مقام سے پوری پولیس فورس کی مؤثر کمانڈ اور مانیٹرنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مرکز کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جدید مانیٹرنگ و کمانڈ سسٹم کا جائزہ لیا۔ انہیں سیف سٹی سے مربوط نظام، پولیس آپریشنز، فیلڈ فورس کی نگرانی، ایمرجنسی رسپانس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جدید نظام سے پولیس کے مختلف یونٹس کے درمیان رابطہ اور کوآرڈینیشن بہتر ہوگا، جبکہ کسی بھی واقعے یا ہنگامی صورتحال میں بروقت معلومات، فوری فیصلہ سازی اور تیز رفتار پولیس رسپانس ممکن ہوگا۔ محسن نقوی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیس کی کمانڈ، مانیٹرنگ اور احتساب کے نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ سینٹر سے فیلڈ میں پولیس کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی بھی ممکن ہوگی۔ شہریوں کا تحفظ، پولیس کی کارکردگی میں بہتری اور اسلام آباد میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی آئی جی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے

Comments (0)
Add Comment