اسلام آباد (پی پی اے): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کو پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری، سمندروں کے تحفظ اور پاکستان کے بحری مفادات کے فروغ کے لیے ثابت قدم خدمات پر فخر ہے۔ یومِ بحریہ پاکستان کے موقع پر سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے پاک بحریہ کے افسران، جوانوں اور سویلین اہلکاروں کو سلام پیش کیا جبکہ شہدا اور سابق فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1965 میں آپریشن دوارکا کے دوران پاک بحریہ کی جانب سے مظاہرہ کی گئی بہادری اور آبدوز غازی کی موجودگی ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ یہ کارنامے ہمت، درستگی کے ساتھ کارروائی اور پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے غیرمتزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔