اسلام آباد (پی پی اے) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں پولیس افسران اور شہریوں نے شرکت کرکے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ آئی جی اسلام آباد نے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں۔
سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ پولیس افسران کے مسائل، ان کی ویلفیئر اور شہریوں کی شکایات کا میرٹ اور فوری بنیادوں پر حل اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شہری کو پولیس سے متعلق مسئلہ درپیش ہو تو وہ کھلی کچہری میں پیش ہوسکتا ہے، شہریوں کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔
آئی جی اسلام آباد نے شہریوں کی شکایات پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ درخواستوں کو مقررہ ٹائم فریم کے اندر میرٹ پر حل کرکے رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائے۔ انہوں نے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر میں مقررہ اوقات کی پابندی کریں، شہریوں سے مقررہ وقت پر ملاقات کریں اور ان کے مسائل بروقت اور میرٹ پر حل کریں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کے انعقاد سے شہریوں اور پولیس افسران کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں مدد مل رہی ہے