ڈیجیٹل اثاثوں کے مؤثر ضابطہ کار نظام کیلئے عالمی تعاون ناگزیر ہے، بلال بن ثاقب

اسلام آباد۔ ( پی پی اے) وزیرِ مملکت برائے ڈیجیٹل اثاثہ جات اور پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے ڈیجیٹل فنانس کے مستقبل پر اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل اثاثوں کے مؤثر ضابطہ کار نظام کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے۔پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے کمیونیکیشن یونٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بلال بن ثاقب نے کہا کہ ڈیجیٹل اثاثے، ٹوکنائزیشن اور بلاک چین ترقی پذیر معیشتوں کے لیے نئے مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ایک ارب 40 کروڑ افراد اب بھی رسمی مالیاتی نظام سے باہر ہیں، جبکہ مہنگی ترسیلات زر اور پیچیدہ مالیاتی نظام عام لوگوں کے لیے مشکلات کا باعث ہیں۔ ڈیجیٹل فنانس مالی شمولیت اور کم لاگت ترسیلات زر میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل شناخت اور قابلِ تصدیق مالی ریکارڈ چھوٹے کاروباروں کے لیے معاون ثابت ہوسکتے ہیں، جبکہ ٹوکنائزیشن انفراسٹرکچر اور قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں میں نئی سرمایہ کاری لا سکتی ہے۔ بلاک چین سرکاری اخراجات اور سپلائی چینز میں شفافیت بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ بلال بن ثاقب نے کہا کہ ڈیجیٹل فنانس کو ہر مسئلے کا خودکار حل سمجھنا درست نہیں، جبکہ ریگولیشن میں غیر ضروری تاخیر صارفین اور مارکیٹ دونوں کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہے۔ خوف پر مبنی ریگولیشن ٹیکنالوجی کو غیر شفاف ماحول کی طرف دھکیل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریگولیشن کا مقصد مارکیٹ روکنا نہیں بلکہ اسے منظم انداز میں فروغ دینا ہونا چاہیے، جبکہ واضح اور مؤثر ریگولیشن غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مددگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل ساؤتھ میں ڈیجیٹل فنانس کی ریگولیٹری صلاحیت مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ترقی پذیر ممالک ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں پیچھے رہنے کے متحمل نہیں ہوسکتے، اس لیے ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ معیارات ضروری ہیں بلال بن ثاقب نے کہا کہ ڈیجیٹل اثاثوں کی مؤثر نگرانی کے لیے مضبوط ادارہ جاتی صلاحیت ناگزیر ہے اور ڈیجیٹل اثاثوں کا استعمال پائیدار ترقی، مالی شمولیت اور عوامی مفاد کے لیے ہونا چاہیے۔ انہوں نے ڈیجیٹل اثاثوں کی مشترکہ عالمی حکمرانی کے لیے رکن ممالک سے تعاون کا بھی مطالبہ کیا

Comments (0)
Add Comment