اسلام آباد پولیس شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے پرعزم، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی آپریشنز کی کھلی کچہریاں

اسلام آباد(پی پی اے) اسلام آباد پولیس نے شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور انہیں بروقت ریلیف کی فراہمی کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم اور ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے اپنے دفاتر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی خصوصی ہدایات پر منعقدہ کھلی کچہریوں میں شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم اور ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر قانونی کارروائی کرکے رپورٹس پیش کرنے اور مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا میرٹ پر فوری حل اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ شہری اپنے مسائل اور شکایات کے اندراج کے لیے آئی جی پی شکایت سیل 1715 سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے تمام سینئر پولیس افسران کو ضلع بھر میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کی ہدایات جاری کی ہیں، جبکہ تمام زونل ایس پیز بھی اپنے اپنے زونز میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کر رہے ہیں۔ علی وسیم نے کہا کہ اسلام آباد کا کوئی بھی شہری ان کھلی کچہریوں میں بلاجھجھک اپنے مسائل بیان کرسکتا ہے۔ عوامی رابطہ مہم کا مقصد شہریوں کی دہلیز تک پہنچ کر ان کے مسائل حل کرنا اور انہیں فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ خواتین اور بچوں پر تشدد کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے اور قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور تمام درخواستوں پر میرٹ کے مطابق فیصلے کیے جائیں گے، جبکہ شہریوں کی جان، مال اور عزتِ نفس کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے.

Comments (0)
Add Comment