اسلام آباد ( پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی بروقت ترسیل کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ روابط مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو حالیہ مون سون سیزن میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات اور موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی. وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں انہوں نے بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور امدادی سامان کی بروقت ترسیل کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ یقینی بنانے پر زور دیا وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو متعلقہ صوبائی اداروں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے ساتھ قریبی اور مؤثر رابطہ رکھنے کی ہدایت بھی کی چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو مون سون سیزن کے متوقع رجحان صوبوں اور متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے جاری مجموعی انتظامات اور موسمی صورتحال کی نگرانی کے حوالے سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق کیے گئے پیشگی انتظامات کے باعث متعلقہ ادارے مون سون سیزن کی صورتحال کی مؤثر نگرانی کر رہے ہیں۔ ملک بھر میں کسی بھی ہنگامی موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے لیے تیار ہے