سرکاری اداروں میں اصلاحات کا عمل مؤثر نگرانی، شفافیت اور بہتر طرز حکمرانی کی جانب گامزن ہے خرم شہزاد

اسلام آباد ( پی پی اے) وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ سرکاری ملکیتی اداروں (ایس او ایز) میں اصلاحات کا عمل مسائل کی نشاندہی سے آگے بڑھتے ہوئے مؤثر نگرانی، شفافیت، بہتر طرز حکمرانی اور عملی اقدامات کی جانب گامزن ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں سرکاری اداروں کی کارکردگی سے اہم پیش رفت کی عکاسی ہوتی ہے۔ منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں سرکاری اداروں نے مجموعی طور پر 423.3 ارب روپے منافع حاصل کیا، جبکہ خسارے میں چلنے والے اداروں کو 342.8 ارب روپے کے مجموعی خسارے کا سامنا رہا انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں نے حکومت کو مجموعی طور پر 839 ارب روپے فراہم کیے جبکہ حکومت نے ان اداروں کو 804 ارب روپے کی معاونت فراہم کی، اس طرح سرکاری اداروں کی جانب سے حکومت کو مجموعی طور پر 35 ارب روپے کا مثبت خالص مالی بہاؤ ریکارڈ کیا گیا خرم شہزاد نے کہا کہ اگرچہ سرکاری کاروباری اداروں کے ایک حصے میں خسارے اور ساختی نوعیت کے مسائل بدستور موجود ہیں، تاہم حکومت نے ان مسائل سے نمٹنے کے لیے کارکردگی، جوابدہی اور فیصلہ کن اقدامات پر مبنی اصلاحاتی پروگرام پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے. انہوں نے کہا کہ اصلاحاتی پروگرام کے تحت سرکاری اداروں کے دائرہ کار کو انفرادی اداروں کی تجارتی استعداد اور اسٹریٹجک اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے محدود، ازسرنو منظم اور نجی شعبے کو منتقل کیا جا رہا ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی سرگرمیاں بند کی جا چکی ہیں جبکہ پاسکو کو مرحلہ وار ختم کرنے کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری مکمل ہو چکی ہے جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز میں اکثریتی حصص کی نجکاری کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کا عمل جاری ہے، جبکہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی اور ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کو بھی نجکاری کے لیے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ مزید سرکاری اداروں کی تنظیم نو اور نجکاری کے اقدامات بھی جاری ہیں۔ خرم شہزاد نے کہا کہ حکومت کا بنیادی اصول یہ ہے کہ جہاں نجی شعبہ کسی کاروباری سرگرمی کو زیادہ مؤثر انداز میں چلا سکتا ہے وہاں حکومت کو کاروبار میں موجود نہیں رہنا چاہیے۔ جو سرکاری ادارے عوامی شعبے میں برقرار رکھے جائیں گے، انہیں پیشہ ورانہ طرز حکمرانی، مالیاتی نظم و ضبط اور نتائج کی بنیاد پر جوابدہی کا پابند بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں شفافیت اور احتساب کے نظام کو بھی مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔ وزارت خزانہ کے سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ نے مربوط ڈیجیٹل رپورٹنگ اور تجزیاتی پلیٹ فارم فعال کر دیا ہے جس کے ذریعے مالی و انتظامی کارکردگی کاروباری منصوبوں پر عملدرآمد اور خطرات کی نگرانی کو زیادہ منظم اور اعداد و شمار پر مبنی بنایا گیا ہے ان کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے نتیجے میں اداروں کی کارکردگی کی بہتر نگرانی، خطرات کی بروقت نشاندہی، قابل پیمائش کارکردگی کے اشاریوں کے تعین اور جوابدہی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔مشیر وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت سرکاری اداروں کے بورڈز کی کارکردگی بہتر بنانے، مالیاتی رپورٹنگ کے نظام کو مضبوط کرنے اور کاروباری منصوبوں پر مؤثر نگرانی کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ گردشی قرضے انتظامی و آپریشنل کمزوریوں اور دیگر مالیاتی خطرات سے نمٹنے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے. انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی اصلاحات کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ قومی اثاثے عوامی خزانے پر مستقل بوجھ بننے کے بجائے ملکی معیشت کے لیے قدر اور معاشی فوائد پیدا کریں خرم شہزاد نے کہا کہ حکومت کی اصلاحات کی حکمت عملی کا محور سرکاری اداروں کا محدود دائرہ کار مضبوط طرز حکمرانی، زیادہ شفافیت اور بہتر کارکردگی ہے جس کا مقصد سرکاری اثاثوں کو قومی معیشت کے لیے زیادہ مؤثر اور نتیجہ خیز بنانا ہے

Comments (0)
Add Comment