واسا کا فیلڈ سٹاف ادارے کا قیمتی اثاثہ اور ریڑھ کی ہڈی ہے: ساجد خان جدون

ایبٹ آباد( پی پی اے) چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز واسا ایبٹ آباد ساجد خان جدون نے کہا ہے کہ واسا کا فیلڈ سٹاف ادارے کا قیمتی اثاثہ اور ریڑھ کی ہڈی ہے، جو شہریوں کو براہِ راست میونسپل خدمات فراہم کر رہا ہے۔ ترجمان واسا کے مطابق آپریشنل سٹاف کے تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ساجد خان جدون نے کہا کہ ہر ملازم واسا کا نمائندہ ہے، اس لیے خوش اخلاقی، ذمہ داری، نظم و ضبط، محنت اور دیانت داری کے ساتھ فرائض کی انجام دہی ادارے کے لیے نہایت اہم ہے۔انہوں نے فیلڈ سٹاف پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ اصولوں اور ادارہ جاتی ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے شہریوں کو بہترین خدمات فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کی بہتر کارکردگی واسا کی مجموعی کارکردگی اور عوامی اعتماد میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔ چیئرمین بورڈ نے تربیتی سیشن کے انعقاد کو سراہتے ہوئے واسا مینجمنٹ، منتظمین، مہمان مقررین اور شرکا کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

Comments (0)
Add Comment