اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ امیرالعظیم نے نظریاتی سیاست اور خدمت کا جو ورثہ چھوڑا وہ ناپید ہوتا جا رہا ہے سیاسی کارکن تو بڑھ رہے ہیں لیکن نظریاتی کارکن کم ہوتے جا رہے ہیں ضرورت ہے کہ ہم اپنے نظریات کو اپنے عمل میں ڈھالیں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ امیرالعظیم ایک عظیم شخصیت اور سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کے افکار کے بہترین داعی تھے انہوں نے خدمت اور جدوجہد کی اعلیٰ روایات قائم کیں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پی ایف یو جے دستور اور آر آئی یو جے دستور کے زیر اہتمام سابق سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم کی یاد میں فرینڈز آف امیرالعظیم کے عنوان سے تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا جس میں سیاسی مذہبی صحافتی اور سماجی شخصیات نے شرکت اور خطاب کیا وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ امیرالعظیم نظریاتی طبقے کے ایک درخشندہ ستارے تھے۔ دنیا کے موجودہ حالات کے تناظر میں ہم سب پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ملک کے استحکام کو اپنی سیاسی جدوجہد میں مقدم رکھیں انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ صرف پاکستان میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں ہو رہا ہے ہر چلنے والا ڈرون اور میزائل تیل کی منڈیوں میں ہلچل پیدا کرتا ہے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اپریل 2022 میں داخلی طور پر ڈیفالٹ کے مقام تک پہنچ گیا تھا اور اب ہم اس صورتحال سے نکل رہے ہیں، بین الاقوامی اداروں نے دوبارہ پاکستان کی درجہ بندی بہتر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت حکومت نے نہیں بڑھائی جبکہ لیوی ختم کرنے کا مطلب ریونیو ختم کرکے آئی ایم ایف پروگرام سے نکلنا ہوگا انہوں نے کہا کہ بھارت کو معرکہ حق میں شکست دی گئی اور مسلح افواج نے روایتی جنگ میں اسے دھول چٹائی۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ امیرالعظیم کے اندر خدمتِ خلق کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا انہوں نے خدمت کی اعلیٰ روایات قائم کیں اور ان کا جنازہ ان کی نیکیوں کی گواہی دے رہا تھا انہوں نے بتایا کہ امیرالعظیم کے والد فضل العظیم ایک شاندار میراث کے حامل شخص تھے اور ان کے پورے خاندان سے ان کا ذاتی تعلق رہا لیاقت بلوچ نے کہا کہ امیرالعظیم جیل میں تھے جب انہیں اسلامی جمعیت طلبہ کا ناظم اعلیٰ منتخب کیا گیا اور انہوں نے جیل میں ہی ناظم اعلیٰ کا حلف اٹھایا وہ ہر قربانی دینے کے لیے تیار رہتے جماعت اسلامی کے کام کو میڈیا کے ذریعے اجاگر کیا اور طلبہ حقوق کے لیے جدوجہد کی انہوں نے مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی فکر کی بھرپور پیروی کی اور اسے آگے پہنچانے میں کردار ادا کیا انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا ہونا چاہیے خصوصاً بیمار اور بزرگ سیاسی قیدیوں کو مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ احسن اقبال کی سربراہی میں مذاکرات جاری ہیں اللہ انہیں ہمت دے۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ عوام کو ریلیف ملے اور امید ہے کہ ان کی جدوجہد کامیاب ہوگی تعزیتی ریفرنس سے پی ایف یو جے دستور کے صدر نواز رضا راجہ جواد حکیم محمود احمد سہارنپوری سابق ایم پی اے حنیف چوہدری سید عمران شبیر طارق شاہین ڈاکٹر فاروق عادل ڈاکٹر فرخ عطا رائے نیاز خالد عظیم فاروق فیصل خان سلطان سکندر سابق ایم پی اے پروفیسر وقاص خان امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری صدر تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری اور سینئر قانون دان سید منظور گیلانی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا