رائےونڈ (پی پی اے ) رائےونڈ میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی سخت کارروائیاں جاری ہیں ۔ گزشتہ رات اسسٹنٹ کمشنر رائےونڈ رائے بابر علی کی ہدایات پر داتا علی ہجویری چوک رحمۃ اللہ علیہ المعروف بھٹی چوک میں پیرا فورس اور میونسپل کارپوریشن لاہور کے عملے نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کی ۔ چند روز قبل نیو سبزی و فروٹ منڈی میں پارکنگ کی جگہ پر قائم غیرقانونی سبزی کے اڈوں اور فروٹ ریہڑیوں کے خلاف بھی پیرا فورس نے آپریشن کیا تھا۔ اس کارروائی پر تاجر برادری اور محنت کش طبقے کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا، جبکہ شہریوں کے ایک طبقے نے اسے تجاوزات کے خاتمے کی جانب اہم اقدام قرار دیا ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ رائےونڈ کے اہم چوکوں اور بازاروں میں تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی، پیدل چلنے والوں اور عوامی آمدورفت کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر رائےونڈ رائے بابر علی ، انچارج پیرا فورس اعظم شائیگان اعوان اور میونسپل کارپوریشن لاہور کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے مؤثر، مستقل اور بلاامتیاز اقدامات کئے جائیں، تاکہ شہر میں صفائی، ٹریفک نظم و ضبط اور عوامی سہولیات کی صورتحال بہتر بنائی جاسکے اور رائےونڈ ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے حقیقی مقاصد کی عکاسی کرسکے ۔